کراچی : ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے رہنماؤں نے ڈاکٹروں کی فلاح کے نام سے جاری اپنی سیاست کے ذریعے سندھ کے دو بڑے اسپتالوں میں اہم عہدے حاصل کر لئے ہیں جس سے ینگ ڈاکٹرز مایوسی کا شکار ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جدوجہد سے ڈاکٹروں کو تو حقوق نہ ملے لیکن رہنما اہم عہدے حاصل کرنے میں کامیاب رہے جس سے ینگ ڈاکٹر ز میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اسی لئے اب ینگ ڈاکٹرز میں بھی دھڑے بازی ہوگئی ہے ۔
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ڈاکٹر یاسین عمران کو جناح اسپتال کراچی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر جبکہ نائب صدر ڈاکٹر فرخ رؤف کو جناح اسپتال کراچی کے شعبہ حادثات کا چارج دے دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر وراث جکھرانی کو ڈاکٹر رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی میں ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اسٹور اور نائب صدر ڈاکٹر ذیشان سعیدی کو ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سیکیورٹی تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محبوب نوناری بھی ایک اہم عہدہ حاصل کرنے کی تگ و دو میں ہیں اور جلد ہی وہ بھی اہم عہدے پر تعینات ہو جائیں گے۔