جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

کالج آف نرسنگ لیاری طلبا اور اساتذہ کے لئے بند ؛ طلبا پریس کلب کے باہر پیپر دینے بیٹھ گئے

 میل کالج آف نرسنگ لیاری کو طلبا اور اساتذہ کے لئے بند کر دیا گیاجس کے باعث منگل کو طلبا کالج میں اپنا پیپر نہ دے سکے ۔ طلبا احتجاجاً کراچی پریس کلب کے باہر سڑک پر پیپر دینےپہنچ گئے۔ طلبا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر قانون نافذ کرنےو الے اداروں سے مدد طلب کرنے کے ساتھ ،طلبا کا تعلیمی قتل عام بند کرو، طلبا سے پڑھنے کا حق نہ لیا جائے ، قانون نافذکرنے والے ادارے کہاں ہیں؟،وزیر صحت طلبا کو محفوظ اور متبادل جگہ فراہم کرے سمیت دیگر نعرے درج تھے ۔ اس موقع پر طلبا نے شدید نعرے بازی کی ۔

طلبا سڑک پر پیپر دینے بیٹھ گئے تاہم کالج کے پرنسپل ارشاد علی عباسی نے محکمہ صحت کو صورتحال سے آگاہ کیا جس پر اسپیشل سیکریٹری صحت محمد نواز سوہو نے طلبا کا پیپر ڈائریکٹر نرسنگ سندھ کے دفتر میں لینے کا حکم دیا اور وہیں پیپر لیا گیا ۔ طلبا کے باقی پیپرز بھی ڈائریکٹر نرسنگ سندھ کے دفتر میں لئے جائیں گے ۔ محکمہ صحت نے طلبا کے پیپرز کا تو بندوبست کر دیا ہے لیکن کالج کو تالا لگانے والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔

کالج کے پرنسپل ارشاد علی عباسی کا کہنا تھا کہ طلبا پر تشدد کے ساتھ اساتذہ کو دھکے دیئے گئے اور کالج کو تالا لگا دیا گیا ۔ کالج کی بندش معمول بن گئی ہے ایسے میں نہ طلبا پڑھ سکتے ہیں نہ ہی عملی تربیت حاصل کر سکتے ہیں جس سے ان کی پڑھائی کا شدید نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں رینجرز کو تعینات کیا جائے یا کالج کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے کیونکہ ایسے ماحول میں طلبا کا پڑھنا ممکن نہیں۔

دوسری جانب سیکریٹری صحت سندھ نےکالج کے پرنسپل کے دفتر پر قبضہ کرنے ،پرنسپل اور طلبا سے بدتمیزی کرنے پر اسٹاف نرس مہر النساء شیخ سے وضاحت طلب کر لی ہے اور انہیں 14 دنوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔