اسلام آباد : قومی ادارہ برائےصحت اسلام آباد نے ملک بھرکی لیبارٹریوں کو ٹائیفائیڈ کے غیرمصدقہ ٹیسٹ سے روک دیا۔ قومی ادارہ برائے صحت نے کہا ہے کہ ٹائیفائیڈ بخار کی تصدیق کے لئے وڈال اور ٹائفی ڈاٹ ٹیسٹ نہ کیے جائیں۔
جیو نیوز کے سینئر ہیلتھ رپورٹر محمد وقار بھٹی کی شایع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ٹائیفائیڈ کے کیسز سیلاب زدہ علاقوں سے رپورٹ ہو رہے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں کچھ لیبارٹریاں اور اسپتال اب بھی یہ ٹیسٹ کر رہے ہیں جس پر این آئی ایچ نے کہاہے کہ ٹائیفائیڈ کی تصدیق کے لئے مصدقہ ٹیسٹ صرف بلڈ کلچر ہےاور وہی کیا جائے۔
دوسری جانب سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے بھی لیبارٹریوں اوراسپتالوں کووڈال اور ٹائفی ڈاٹ ٹیسٹ سے روکتے ہوئے انتباہ جاری کیا ہے کہ کہ غیرمصدقہ ٹیسٹ کرنےوالی لیبارٹریوں اوراسپتالوں کے خلاف ایکشن ہو گا۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئرریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر اداروں نے بھی وڈال اور ٹائفی ڈاٹ ٹیسٹ سےمنع کردیا۔