جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

صوبائی وزیر صحت کا ٹیکسلا ٹی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ : غفلت برتنے پر کئی انتظامی افسران معطل

لاہور : صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک نے 4 مختلف سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ واہ کینٹ جنرل ہسپتال اور ٹیکسلا ٹی ایچ کیو ہسپتال میں میڈیکل وارڈز، شعبہ ایمرجنسی اور ڈسپنسریز گئے۔ ڈیوٹی سے غفلت برتنے پر ٹیکسلا ہسپتال کے تین ڈاکٹرز، فارماسسٹ اور ایڈمن آفیسر کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ ڈی ایم ایس ڈاکٹر نبیلہ کاشف اور اے ایم ایس ڈاکٹر آصف حمید کو محکمہ صحت میں رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ نااہلی اور بدانتظامی کی بناء پر واہ کینٹ اور ٹیکسلا ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو شوکاز نوٹس جاری کروائے۔

ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ہسپتالوں میں بدانتظامی اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ فرض شناس اور اہل ڈاکٹرز و عملہ ہی محکمہ صحت میں کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام ہیلتھ فیسلیٹیز میں محکمہ صحت کی ٹیمیں دن رات ہسپتالوں کی کارکردگی مانیٹر کرنے کے سلسلہ میں مصروف عمل ہیں۔عوام کو جدید اور معیاری میڈیکل ہیلتھ کئیر کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک نے گوجر خان ٹی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور بہترین طبی سہولیات اور شاندار انتظامات پر ایم ایس گوجرخان ہسپتال اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔بعدازاں ڈاکٹر اختر ملک نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سوہاوہ کے دورہ کے دوران طبی سہولیات کے فقدان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او ہیلتھ جہلم کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹرز و دیگر عملہ کی کمی کو پورا کرکے شہریوں کی مشکلات کم کی جائیں اور سرجن کی فوری تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے تین سال سے سرجن کی تعیناتی نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر نے آپریشن تھیٹر، وارڈز اور ڈسپنسری میں ادویات اور میڈیکل ایکوپمنٹس کی فراہمی کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ اس ہسپتال میں ڈیجیٹل ایکسرے سمیت دیگر مشینری کو فوری فعال کرنے رپورٹ دی جائے۔

ڈاکٹر اختر ملک نے سوہاوہ ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے ویژن کے تحت عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انصاف صحت کارڈ عوام کے لئے ایک نعمت سے کم نہیں جس کے تحت لاکھوں شہری سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں اپنا مفت علاج معالجہ کی سہولیات سے استفادہ کررہے ہیں۔