کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سندھ انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز کے کمیونٹی اینڈ پریونٹو ڈینٹسٹری ڈپارٹمنٹ نے انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ڈیولپمنٹ میں خصوصی بچوں کے لیےاورل ہیلتھ سے متعلق آگاہی سیشن اور دانتوں کے مفت چیک اپ کا انعقاد کیا جس کے لیے ایشیا پیسیفک ڈینٹل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن اور کولگیٹ پامولیو کی جانب سے تعاون کیا گیا۔دانتوں کے چیک اپ کے دوران تقریباً 75 خصوصی بچوں کی اسکریننگ کی گئی ۔
وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نےخصوصی بچوں کے دانتوں کے مفت چیک اپ اور انکو ساتھ ہی کیئر ٹیکرزکو منہ کی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے پر ایس آئی او ایچ ایس ٹیم کی تعریف کی ۔ڈینٹل ٹیم کمیونٹی اینڈ پریونٹیو ڈینٹسٹری ڈپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر مریم اظفر ،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حنا شاہ،لیکچرار ڈاکٹر دروشم خان اوراے پی ڈی ایس کی ٹیم کے علاوہ ڈاکٹر سنبل ایاز پر مشتمل تھی جس کی نگرانی فوکل پرسن مریم اقبال اور صدر اے پی ڈی ایس یمنیٰ زبیر نے کی۔
سیشن میں منہ کی عام بیماریوں کے حوالے سے پریزنٹیشن دی گئی جس میں احتیاطی تدابیر پر زور دیتے ہوئے ایٹولوجیکل اور خطرے والے عوامل کو اجاگر کیا گیا، ساتھ ہی برش کرنے کی تکنیک اور فلاسنگ (دانتوں کی صفائی) کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیاگیا۔ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ایس آئی او ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر زبیر عباسی نے کہا کہ متعدد عوامل، جیسے کہ معاشی حالات، والدین کی معلومات کی سطح، ڈرگ تھیراپیز اور سسٹمیٹک کنڈیشنز بچوں کی منہ کی صحت سے منسلک ہیں۔
سیشن کےدوران ڈاکٹر مریم اظفر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بچوں کو برش کرنے اور منہ کی صفائی کے طریقوں کو ابتدائی عمر کی عادات کے طور پر سکھانا ضروری ہے کیونکہ خصوصی بچوں میں اپنی نشوونما کے دوران سیکھنے کی زیادہ صلاحیتیں ہوتی ہیں،دانتوں کو خراب ہونے سے بچانےکے لیے۔
انہوں نےمعمول کے چیک اپ پر زور دیا اور ان نتائج کو شیئر کیا کہ 70 فیصد بچوں کے والدین/ کیئر ٹیکرز نے اعتراف کیا کہ ان کے بچوں کو دانت صاف کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل، ایڈمنسٹریٹر اور عملے نے دانتوں اور منہ کی صفائی کے حوالےسے آگاہی سیشنزکے انعقاد پر جے ایس ایم یو کے ایس آئی او ایچ ایس کا شکریہ ادا کیا۔