جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پاکستان کی نیوزی لینڈ سے جیت نے طبی عملے کو پرجوش کر دیا ؛ رکاوٹیں توڑ کر مطالبات منوانے کے لئے پرعزم

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت طبی عملے کا دھرنا بدھ کو دوسرے روز بھی سندھ سیکریٹریٹ کے باہر جاری رہا جس میں سینکڑوں ڈاکٹروں ، نرسوں ، پیرامیڈیکس اور دیگر عملے نے شرکت کی ۔مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈا ٹھا رکھے تھے جس پر ان کے مطالبات درج تھے ۔ اس موقع پر شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔

مظاہرین نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل میچ بھی بڑی اسکرین پر دیکھا اور پاکستان کی جیت کے حق میں نعرے بلند کیے ۔ طبی عملے کی جانب سے صحت کی سہولیات کا بائیکاٹ کیا گیا جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑااورصوبے بھر کے اسپتالوں سے ہزاروں مریض بغیر علاج کرائے گھروں کو روانہ ہوگئے جبکہ درجنوں آپریشن ملتوئی ہوگئے اور مریضوں کو اگلی تاریخیں دی گئیں ۔پیپلز اسکوائر کے باالمقابل واٹر کینن ، پولیس موبائل سمیت پولیس کی بھاری نفری بھی موجودتھی جس کے سبب پولیس نے مظاہرین کو سندھ سیکریٹریٹ تک محدود رکھا ۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سیکریٹری صحت سے مذاکرات کی کوشش کی گئی لیکن مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے۔ہمارا معاشی قتل کیا جارہا ہے،سرکاری اسپتالوں میں مریض رل گئے ہیں،سرکاری اسپتال کا طبی نظام محکمہ صحت سندھ کے سبب درہم برہم ہورہا ہے،اگر ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے حل نہیں کیا گیا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا رخ کریں گے۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی پولیس نے ہمارے رہنماؤں کو گرفتار کیا اور بعد میں رہا کردیا لیکن ہم ان گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں کیوں کہ ہیلتھ رسک الاؤنس ہمارا بنیادی حق ہے۔وزیر صحت سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر حرام کھاتے ہیں،ہم تمام ڈاکٹرز ان کلمات کی مذمت کرتے ہیں ،رسک الاؤنس صرف کورونا کے لیئے نہیں،ہم ایچ آئی وی سمیت دیگر موزی امراض میں مبتلا مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ سندھ میں سیلابی صورتحال کے سبب ہمارے خاندان بھی متاثر ہوئے،محکمہ صحت سندھ ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کرتا ہے،ماضی میں بھی رسک ہیلتھ الاؤنس کی عدم فراہمی کا سامنا تھا۔ گرینڈہیلتھ الائنس نے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ یاد رہے کہ سندھ بھر کے ڈاکٹر ، نرسز، پیرامیڈیکل اور دیگر عملے نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کی چھتری تلے ایک اتحاد کیا ہے جو ہیلتھ رسک الاؤنس ، ڈینٹل ڈاکٹرز کی سمری ، نرسوں کے پروموشن اور سروس اسٹرکچر ، پیرامیڈکس کے ٹائم اسکیل ، ڈیپوٹیشن پالیسی اور الگ ایم ایل او کیڈربنانے کے لئے احتجاج کر رہے ہیں ۔طبی عملے کا سب سے اہم اور بنیادی مطالبہ ہیلتھ رسک الاؤنس ہے ۔