پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)نے میڈیکل کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ خود ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ کرائیں اوکسی بھی ٹیسٹنگ اداروں سے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی سروس نہ لیں ۔ پی ایم سی کی ترجمان حنا شوکت کے مطابق پی ایم سی کی طرف سے جامعات کو خود ٹیسٹ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سندھ میں ڈاؤ یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جو صوبے کی تمام طبی جامعات کے لیے وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیسٹنگ ادارے سے ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ کرانے کی خواہشمند تھی اور اس مقصد کے لیے ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی اور ایچ ای سی کے حکام کے درمیان بات چیت بھی ہوگئی تھی لیکن پی ایم سی نے تمام صوبوں اور وفاق میں ایم ڈی کیٹ کی ذمہ دار جامعات کو کہا کہ وہ کسی ٹیسٹنگ ادارے کے بجائے خود ٹیسٹ لیں۔
موقر جریدے کے سینئر تعلیمی رپورٹر سید محمد عسکری کے مطابق ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سعید قریشی نے انہیں بتایا کہ وہ یہ ٹیسٹ خود لیں گے کیونکہ پی ایم سی نے کسی ٹیسٹنگ ادارے سے ٹیسٹ کرانے سے روک دیا ہے چناچہ انہوں نے ٹیسٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ پی ایم سی کے صدر ڈاکٹر نوشاد شیخ کی زیرصدارت پہلے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ٹیسٹ 13 نومبر کو ہوگا جب کہ جامعات کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کسی ٹیسٹنگ ادارے سے ٹیسٹ کرائیں یا خود لیں۔ پاکستان میں 21 ہزار نشستوں کے لیے دو لاکھ 5 ہزار طلبہ ٹیسٹ دیں گے۔
سندھ میں داخلہ ٹیسٹ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی، پنجاب میں یو ایچ ایس، بلوچستان میں بی ایم سی، کے پی کے میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور اسلام آباد میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لے گی اور انھیں یہ اختیار ہوگا کہ وہ ٹیسٹ خود کرائیں یا کسی اور ٹیسٹنگ ادارے کو یہ ذمہ داری دیں۔