گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ آنکھوں کے علاج کے ڈاکٹر حقیقی معنوں میں مسیحا کے طور پر کام کررہے ہیں، ان کی بدولت آنکھوں کے امراض کا شکار افراد دنیا کو پھر سے دیکھنے کے قابل ہوتے ہیں۔
وہ رائل کالج آف اپتھلمولوجسٹس لندن کے صدر ڈاکٹر برنارڈ چینگ کے اعزاز میںمنعقدہ استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب میں کمشنر کراچی اقبال میمن، کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے صدر پروفیسر محمد شعیب اور اپتھلمالوجی کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام معروف اپتھلمولوجسٹ ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے کیا تھا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آنکھوں کے علاج کے شعبہ میں پاکستان کے ڈاکٹروں کا انگلینڈ اور آئر لینڈ سے قریبی تعاون خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ میں قائم آنکھوں کے علاج کے اسپتال نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پروفیسر برنارڈ چینگ نے کہا کہ کراچی آکر بہت اچھا محسوس ہوا۔رائل کالج آف اپتھلما لوجی، کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان کے ساتھ قریبی رابطہ میں ہے۔
پروفیسر محمد شعیب نے کہا کہ سی پی ایس سی کے تحت اسکالرز شپ پر جانے والے 100فی صد ڈاکٹرز پاکستان واپس آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ہمیںبرین گین ایوارڈ سے نوازا ہے۔