سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں پہلا بین الاقوامی روبوٹک سرجری سمپوزیم اختتام پذیر ہوگیا جس میں روبوٹک سرجری کے وسیع پیمانے پراستعمال پر زور دیا گیا۔ اس دو روزہ سمپوزیم میں تقریباً 600 شرکاء نے شرکت کی جن میں بیرون ملک ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔ امریکہ سے دورے پرآۓ ڈاکٹر عرفان رضوی نے دونوں دن سمپوزیم کے مختلف حصوں کے تعارف کی ذمہ داری سنبھالی ۔
دوسرے مقررین جنہوں نے اختتامی سیشن میں حصہ لیا ان میں سینٹر آف بایو میڈیکل ایتھیکس اینڈ کلچر کے ڈاکٹر عامر جعفری بھی شامل تھے جنہوں نے شعبہ طب اور روبوٹک سرجری کے اخلاقی مسائل پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر ایمل خان جن کا تعلق خیبر پختونخواسے ہے،وہ امریکہ کے وِنڈربلٹ یونیورسٹی میڈیکل سینٹرکے کولوریکٹل سرجن بھی ہیں انہوں نے بڑی آنت سے متعلق روبوٹک سرجری کے بارےمیں آگاہ کیا۔
مقررین نے سرجیکل سائنسز کے مختلف شعبوں میں روبوٹک سرجری کے استعمال کے بارے میں اپنے تجربات پر روشنی ڈالی اوربتایا کہ روبوٹک سرجری کس طرح کی جاتی ہے اورمریضوں کے لیے اس سرجری کی کیا افادیت ہے۔دیگر مقررین میں سی ایم آر سرجیکل برطانیہ کے ڈاکٹر مارک سلیک اور ڈاکٹر پال رابرٹس، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے ڈاکٹر محمود ایاز، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈاکٹر شہریار غضنفر،اور ایس آئی یوٹی کے ڈاکٹر حارث حسن قریشی اور ڈاکٹر پردیپ کمار شامل تھے۔ مقررین نے سرجیکل سائنسز کے مختلف شعبوں میں روبوٹک سرجری کے استعمال کے بارے میں اپنے تجربات پر روشنی ڈالی اوربتایا کہ روبوٹک سرجری کس طرح کی جاتی ہے اورمریضوں کے لیے اس سرجری کی کیا افادیت ہے۔اختتامی اجلاس میں پاکستان سوسائٹی آف روبوٹک سرجری کے قیام کے حوالے سے جنرل باڈی کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔
سوسائٹی نے متفقہ طور پر ڈاکٹر ادیب رضوی کو سرپرست مقرر کیا اور عہدیداران کا بھی اتفاق رائے سے انتخاب کیا جن میں سرپرست پروفیسر ایس ادیب الحسن رضوی،صدر پروفیسر سعید قریشی (کراچی)،صدر الیکٹ پروفیسر الطاف ہاشمی (کراچی)،نائب صدر پروفیسر محمود ایاز (لاہور)،جنرل سیکرٹری پروفیسر اسد شہزاد حسن (کراچی)اورخزانچی پروفیسر ریحان محسن (کراچی)شامل ہیں۔ کونسلرزمیں پنجاب سے پروفیسر وارث فاروق (لاہور)، پروفیسر ندیم بن نصرت (لاہور)،کے پی کے سے پروفیسر مظہر خان (پشاور)، پروفیسر ناصر اورکزئی (پشاور)،بلوچستان سے پروفیسر احسن غِلزئی (کوئٹہ)، ڈاکٹر حیات کاکڑ (کوئٹہ)،سندھ سے پروفیسر شاہد رسول (کراچی)، ڈاکٹر عبدالوہاب ڈوگر (گمبٹ)جبکہ اسلام آباد سے پروفیسر بلال عمیر (اسلام آباد)، پروفیسر عامر غضنفر (اسلام آباد)شامل ہیں ۔