جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں آغا سراج درانی کے فرنٹ مین ’ڈھولو‘ کے بھائی کو ڈائریکٹر لگانے کی تیاری مکمل

حکومت سندھ نے امریکی عوام کے تعاون سے تعمیر ہونے والے صحت کے ادارے جیکب آباد انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (جمس) میں سفارشی افسر کوڈائریکٹر لگانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے ۔ 5 رکنی انتخابی کمیٹی نے معیار پر پورا نہ اترنے والے امیدوار کا نام حتمی منظوری کے لئے بھیج دیا۔جمس میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کا اعلامیہ آئندہ دو دنوں میںجاری ہونے کا امکان ہے جس پر ملازمین سمیت مریضوں نے بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے ۔

باوثوق ذرائع کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی سفارش پر ڈاکٹر نیاز احمد ڈہر کو جمس کا ڈائریکٹر لگایا جارہا ہے جو آغا سراج درانی کے فرنٹ مین ذوالفقار احمد ڈہر عرف ’’ڈھولو‘‘کے بھائی ہیں ۔ ڈھولو کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ آغا سراج درانی کے پی ایس بھی رہے ہیں اور ان کا تعلق سکھر سے ہے جبکہ آغا سراج درانی ضلع شکار پور تحصیل گڑھی حسن سے تعلق رکھتے ہیں لیکن اس کے باوجود آغا سراج درانی اپنے ضلع کے بجائے دوسرے ضلع کے اسپتال میں اپنی مرضی کے ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لئے اثر رسوخ استعمال کر رہے ہیں ۔

یاد رہے کہ حکومت سندھ نے 23 نومبر 2021 کو جمس میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کےلئے 5 رکنی انتخابی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کے چیئرمین پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز فار ویمن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گلشن علی میمن ہیں جبکہ اراکین میں سیکریٹری سروسز، سیکریٹری فنانس، ڈائریکٹر جنرل صحت سندھ اور اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ شامل ہیں۔

محکمہ صحت نے 2021 میں جمس میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کا اشتہار دیا اور 3 فروری 2022 کو انٹرویو لیے لیکن کسی کا انتخاب نہ ہوسکا۔ مارچ 2022میں دوبارہ اشتہار دیا گیا اوراہلیت کے معیار میں ایم بی بی ایس کے ساتھ ایم ایس پی ایچ، ہیومن ریسورسز یا ہاسپٹل مینیجمنٹ میں پوسٹ گریجویشن کے مساوی ڈگری، میڈیکل سائنس انسٹیٹیوشنز میں مینیجمنٹ کا 10 سالہ تجربہ اور مضبوط انٹرپرسنل اسکلز رکھے گئے جبکہ عمر کی حد 65 سال رکھی گئی۔

ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لئے 17 امیدواروں نے اپلائی کیا جن میں سے 10 امیدوار 4 اگست کوانٹرویو کے لئے حاضر ہوئے لیکن عمرکی حد کا خیال نہ رکھتے ہوئے 65 سال سے زائد عمر والوں اورتدریسی اسپتال کے انتظامی امور کا خاطر خواہ تجربہ نہ رکھنے والوں کا بھی انٹرویو لیا گیا ۔ان امیدواروں میں سے ایک ڈاکٹر نیاز احمد ڈہر کو فائنل کر لیا گیا ہےجن کے پاس میڈیکل سائنس انسٹیٹیوشنز میں مینیجمنٹ کا 10 سالہ تجربہ موجود نہیں ۔

جمس میں ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لئے قائم انتخابی کمیٹی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر گلشن علی میمن پر اس حوالے سے شدید دباؤ رہا اور آخر کار دباؤ میں آکر انہوں نے متعلقہ قابلیت نہ رکھنے والے امیدوار کا نام فائنل کیا جنہیں جمس سے بڑے ادارے میں تین سال کے لئے ڈائریکٹر لگا دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جمس میں ڈائریکٹر تعینات ہیں لیکن حکومت سندھ جمس کے ایکٹ 2013 کے سیکشن 11 پر عمل کرتے ہوئے تین سالوں کے لئے مستقل ڈائریکٹر کی تعیناتی کرنا چاہ رہی ہے۔