روٹری کلب آف کراچی پلاٹینئم کے زیراہتمام پولیو کے عالمی دن پر نارتھ کراچی میں مسلم کھتری چیئریٹیبل اسپتال میں کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں بڑی تعداد میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی رکن سندھ اسمبلی معروف آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کیمپ کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلاتے ہوئے کہا کہ عوام کو صحت تعلیم اور تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری مکمل طور پر حکومت کی ہوتی ہے ۔ ملک میں کسی بھی طرح کے چیئریٹیبل اسپتال نہیں ہونے چاہئے بلکہ ان کی جگہ اسپورٹس کمپلیکس ہونے چاہئے جہاں لوگوں کے لئے کھیلوں سے متعلق صحت مندانہ سرگرمیاں منعقد کی جانی چاہئے۔
س موقع پر روٹری ڈسٹرکٹ گورنر 3271تہذیب الحسن کاظمی نے بھی کیمپ میں خصوصی طور پر شرکت کی اور انہوں نے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل پولیو کے خاتمے کے لئے کام کرتی آ رہی ہے اور کرتی رہے گی اور ڈسٹرکٹ 3271پولیو کے خاتمے کے لئے روٹری پلاٹینیئم کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا اور اس کے ساتھ مسلم کھتری اسپتال کو اپ گریڈ کرنے کے لئے گرانٹ فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
روٹری پلاٹینیئم کی اعزازی سیکریٹری نورین خان نے کہا کہ روٹری پلاٹینیئم ملک میں پولیو کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ لوگوں میں زیادہ سے زیادہ پولیو کے خاتمے اور پولیو کے قطرے پلانے کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی فراہم کریں اور اس سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کریں۔ پولیو کیمپ کے انعقاد کو اہل علاقہ نے سراہتے ہوئے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔