المصطفیٰ ویلفیئرٹرسٹ ملیر اور روٹری کلب انٹرنیشنل کے اشتراک سے منگل کو ملیر سینٹر میں ورلڈ پولیو ڈے منایا گیا ۔تقریب کے مہمان خصوصی روٹری انٹرنیشنل کے صدر برائے 2023-24گورڈون آر میکنیلے تھے۔
مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پولیو کے شکنجے سے نکل رہا ہے۔ گو پولیو گو مہم دراصل پوری دنیا کو پولیو سے پاک کرنے کی مہم ہے اور روٹری انٹرنیشنل کا کردار اس سلسلے میں اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ روٹری پاکستان اور المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ جیسے ادارے جو کوششیں کر رہے ہیں وہ موثر اور مفید ثابت ہو رہی ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پولیو کے شکنجے سے نکل رہا ہے ،انہیں اس علاقے میں آکر اور رضاکاروں سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔پولیو کے خلاف مہم میں اویس آفاقی کا کردار قابل تحسین ہے۔
قبل ازیں المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ کے ٹرسٹی اویس آفاقی نے معزز مہمان کی ملیر آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ المصطفیٰ سوسائٹی حاجی حنیف طیب کی قیادت میں 1998 سے اس مہم میں شریک ہے اور روٹری کلب کارساز نے ان سے بھرپور تعاون کیا ہے۔
انہوں نے روٹری کے عہدیداروں اور المصطفیٰ سوسائٹی کے رضاکاروں کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔انہوں کہا کہ ہم پولیو کے خلاف جہاد میں روٹری کلب کے ساتھ ہیں ہمارے تمام تر وسائل اس مہم استعمال ہوتے ہوئے نظر آئیں گے ۔
تقریب میں روٹری صدر 2022-23 جینیفر جونز کے علاوہ عزیز میمن ، محمد فیض قدوائی ، المصطفیٰ کے سینئر رضا کار صغیر انجم ، شکیل صدیقی میڈیا کوارڈینیٹر جمال ناصر خان نے بھی شرکت کی ۔مہمان خصوصی نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور بچوں کے ساتھ ہم آواز ہوکر گو پولیو گو کے نعرے لگائے۔