جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن سندھ کا بائیکاٹ : اسپتالوں میں مریض رل گئے

ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن سندھ نے کورونا اور ہیلتھ رسک الاؤنس نہ ملنے کے خلاف شہر کے مختلف اسپتالوں میں او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا ۔جس سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور صحت کی سہولیات کی فراہمی متاثر ہوئی۔

جمعرات کو رتھ فاؤ سول اسپتال کراچی،جناح اسپتال کراچی،سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی ، سندھ گورنمنٹ لیاری جنرل اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا گیا۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کے دوران تمام ڈاکٹروں نے فرنٹ لائن سولجرز کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیںلیکن محکمہ صحت نے ڈاکٹروں کو ان کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ڈاکٹروں کو ان کے ہیلتھ رسک الاؤنسز دیئے جائیں ۔ او پی ڈی کے بائیکاٹ سے مریض شدید پریشان ہوئے ۔

مریضوں کاکہنا تھا کہ محکمہ صحت سندھ اور ڈاکٹروں کے غیر سنجیدہ رویے کے باعث انہیں بغیر علاج کے گھر جانا پڑ رہا ہے ۔محکمہ صحت اور ڈاکٹروں کو بیٹھ کر مسئلے کو حل کرنا چاہیے تاکہ ہمیں پریشانی نہ ہو۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عزرا فضل پیچوہو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اب کورونا وباء نہیںہے ۔ لہٰذا الائونس نہیں دیا جاسکتا۔ جو عملہ احتجاج کر رہا ہے انہیں شوکاز نوٹسز جاری کیے جائیں گے ۔ یہ نا انصافی ہوگی کے جو وباء اب نہیں اسکا الائونس دیا جائے۔اگر عملے نے کام نہیں کرنا احتجاج ہی کرنا ہے تو انہیں معطل کیا جاسکتا ہے۔