جمعرات, دسمبر 12, 2024

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

کورونا وائرس سے 64 بچوں کا انتقال ؛ سندھ میں بچوں کی کورونا ویکسی نیشن شروع

سندھ میں کورونا وائرس سے 64 بچوں کا انتقال ہوا ہے جبکہ 12 ہزار سےزائد کیسز رپورٹ ہوئے جس پر صوبے بھر میں 5سال سے 11 سال تک کے بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ بچوں کو اسکولوں ، مدارس اور صحت کے مراکز میں فائزر کی ویکسین لگائی جائے گی ۔ مہم 19سے 24ستمبر تک کراچی اور حیدرآباد میں جاری رہے گی ۔ 6 روزہ ویکسی نیشن مہم کے دوران 24 لاکھ بچوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مہم کا افتتاح پیر کو وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ای پی آئی سندھ کے دفتر میں کیا۔ اس موقع پر امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈرو شوفر، سیکریٹری صحت سندھ ذوالفقار علی شاہ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر جمن بہوتو، ای پی آئی سندھ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشاد احمد میمن، پی پی اے سندھ کے ڈاکٹر خالد شفیع و دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈرو شوفر نے کہا کہ بچوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ویکسین کی 50 لاکھ خوراکیں فراہم کر دیں ہیں۔ اس سے قبل وبا کے عروج کے دور میں 52 وینٹی لیٹرز بھی فراہم کیے گئے تھے ۔ بیماریوں کی تعداد جانچنے کے لئے سرویلینس سسٹم بناکر دیاجس سے 34 مختلف بیماریوں کی مانیٹرنگ کی جاسکے گی۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر دکھ ہےجس کے لئے 53.1 ملین ڈالر کا ایمرجنسی فنڈ پاکستان کو فراہم کیا ہے ۔ ان کامذید کہنا تھا کہ محکمہ صحت سندھ کے ساتھ یو ایس ایڈ کام کر رہا ہے تاکہ بہتری آسکے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ بچے اسکول جا رہے ہیں جہاں انہیں ویکسین بھی لگائی جائے گی تاکہ وہ محفوظ رہیں۔سندھ میں کو رونا سے بچاو کے لیے 24 لاکھ بچوں کو ویکسین لگانی ہے۔اسکول جانے والے بچے ہدف ہیں۔ انہیں زیادہ سے زیادہ ویکسینیٹ کرنا چاہتے ہیں تاکہ کوویڈ نہ پھیلے۔ والدین کی طرف سے کچھ تحفظات کا اظہار کیا گیا تھاجسے دور کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر ارشاد میمن کا کہنا تھا کہ سندھ میں 12 سال سے زائد عمر کی 35 ملین آبادی مکمل ویکسینیٹڈ ہےجبکہ چھ ملین آبادی ویکسینیٹڈ نہیں ہے جس میں 5 سال سے 11 سال کی عمر کے بچے شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کورونا سے سندھ میں 12ہزار 491 بچے متاثر ہوئے جن کی عمریں پانچ سے 11 سال تھیں جبکہ کراچی اور حیدرآبادکرونا سے اب تک 64 بچے انتقال کرچکے ہیں ۔جن کی عمریں 5 سال سے 11 سال تھیں۔اس طرح بچوں میں کرونا مثبت کیسزکی شرح 7 فیصد بنتی ہے اس لئے بچوں کو وائرس سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگائی جائے گی۔

Avatar