یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں ملک کے پہلے شعبہ پریونٹوو (حفاظتی) کارڈیالوجی کے قیام کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ مزید برآں یونیورسٹی کے جناح کیمپس میں انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ، یونیورسٹی انڈسٹری اشتراک کے تحت آٹھ بوٹینیکل گارڈنز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔
یو ایچ ایس کے بورڈ آف گورنرز کا 49واں اجلاس جمعہ کے روز سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈتصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم، سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ علی جان خان، پرو وائس چانسلر پروفیسر معروف عزیز، رجسٹرار ڈاکٹر اسد ظہیر اور محکمہ خزانہ پنجاب کے نمائندے نے شرکت کی۔ بورڈ کے ممبر پروفیسر انوار اے خان اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔

اجلاس کے آغاز میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر بلال محی الدین نے ارکان کو منصوبے کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں دل کے بڑھتے ہوئے امراض اور خصوصاً نوجوانوں میں دل کی بیماریوں میں اضافے کے پیش نظر ہسپتالوں میں پریونٹوو(حفاظتی) کارڈیالوجی کے شعبہ قائم ہونے چاہیے جہاں ماہرین لوگوں کو دل کی بیماریوں کے رسک اور ان سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کریں۔ مزید برآں ایسے افراد جو دل کی بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں انھیں بھی معلومات فراہم کی جائیں کہ وہ کیسے مزید مسائل اور پیچدگیوں سے بچ سکتے ہیں۔

وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے بتایا کہ پریونٹوو کارڈیالوجی کا شعبہ یو ایچ ایس کے اشتراک سے قائم کیا جائے گا جہاں سرٹیفیکٹ سے لے کر پی ایچ ڈی تک کے پروگرامز شروع کیے جائیں گے۔ بورڈ نے منصوبے کو سراہتے ہوئے پروفیسر معروف عزیز کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی ہے جو شعبے کے قیام کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرکے بورڈ کے سامنے پیش کریگی۔

بورڈ نے جناح کیمپس میں انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ کے قیام کے منصوبے کی بھی منظوری دی جس کیلئے فنڈز حکومت پنجاب سے مختص کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ مزید برآں یو ایچ ایس کے دونوں کیمپسز کو سولرانرجی پر منتقل کرنے اور فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز جوبلی ٹاؤن لاہور کی تعمیر اور حوالگی کے حوالے سے یونیورسٹی اور حکومت پنجاب کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے کی بھی منظوری دی گئی۔

سیکرٹری صحت علی جان خان نے کہا کہ نرسنگ کالجز میں دو سال کے وقفے سے داخلوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ انھوں نے یو ایچ ایس سے 31جولائی تک ان اداروں کی انسپکشن مکمل کرنے کی درخواست کی۔ سیکرٹری صحت نے صوبے کے پیرا میڈیکل سکولزاور پبلک ہیلتھ نرسنگ سکولز کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کے نصاب کی تیاری کے حوالے سے یو ایچ ایس مدد کرے۔ پروفیسر جاوید اکرم نے اس حوالے سے حکومت پنجاب کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔