جمعرات, دسمبر 12, 2024

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سندھ کے آوارہ کتے نوشہروفیروز کے 8 سالہ شہزاد کو کھا گئے

جناح اسپتال کراچی میں داخل سک گزیدگی سے متاثرہ 8 سالہ شہزاد انتقال کر گیا۔ شہزاد ولد غلام مرتضی کا تعلق سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے شہر مورو سے تھا۔

چھ ہفتے قبل شہزاد اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا جب اسے آوارہ کتوں نے بری طرح نوچ ڈالا ۔ شہزاد کے والدین اسے قریبی اسپتال لے کر گئے لیکن اسے ویکسین نہیں لگائی گئی بلکہ زخم صاف کرکے واپس بھیج دیا گیا ۔ ویکسی نیشن نہ ہونے کی وجہ سے شہزاد میں ریبیز کا مرض سرائیت کر گیا۔

طبیعت بگڑنے پر شہزاد کو گزشتہ ہفتے جناح اسپتال کراچی لایا گیا جہاں اس کا علاج کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا اور منگل کی رات انتقال کر گیا۔ جناح اسپتال کی ایگزیگیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی نے شہزاد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ جناح اسپتال میں رواں سال ریبیز سے چوتھی ہلاکت ہے ۔

یہ بھی پڑھیں جناح اسپتال کراچی کی ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر سیمیں جمالی کا غیر قانونی اقدام

ماہرین صحت کے مطابق ریبیز ایک انتہائی مہلک مرض ہے جوپاگل کتے ، پاگل بلی، نیولے، لومڑی اور بھیڑیے کے کاٹنے سے لاحق ہوتا ہے ۔ یہ ایک وائرل انفیکشن ہے جو ان جانوروں کے تھوک میں ہوتا ہے ان کے کاٹنے سے جسم میں جاتا ہےاور پھر نروز کے ذریعے دماغ تک پہنچ جاتا ہے اگر اس کی بر وقت ویکسین دی جائے تومریض بچ سکتا ہے لیکن اگر ایک بار یہ دماغ تک پہنچ جائے تو پھر مریض بچ نہیں سکتا 100فیصد ہلاک ہو جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹے کے زخم کو ابتدائی طور پر صابن اور پانی سے دھونا چاہیے اور فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ مریض کی بر وقت جان بچائی جائے۔اگر کسی کو عام کتا بھی کاٹ لے تو اسے چاہیے کہ زخم کو جلد از جلد صابن اور پانی کے ساتھ 8 سے 10 منٹ تک دھوئے تاکہ کتے کالعاب اور منہ کے جراثیم پوری طرح سے دھل جائیں اورپھر اسی وقت اینٹی ٹیٹنس انجیکشن لگوالیا جائے اس کے بعد مریض کو ایسے اسپتال لے جایا جائے جہاں کتے کےکاٹے کی بیماری سے بچاوَ کا علاج اچھی طرح سے ہوتا ہے یہ احتیاط کی جائیں تو بیماری سے بچا جاسکتا ہے ۔

دوسری جانب سندھ کے باسیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام اضلاع کے اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکیسن فراہم کی جائے اور آوارہ کتوں کا خاتمہ کیا جائے