اتوار, مارچ 29, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سروسز اسپتال لاہور میں حفاظتی نظام ناکام، 86 کیمرے بند، فائر الارم بھی غیر فعال، ایم ایس کو شوکاز

لاہور : سروسز اسپتال لاہور میں محض صفائی اور انتظامی غفلت ہی نہیں بلکہ مریضوں کی سکیورٹی اور جان کے تحفظ سے جڑے سنگین نقائص بھی سامنے آگئے ہیں، جس پر محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سرکاری مراسلے کے مطابق اسپتال میں 86 سی سی ٹی وی کیمرے غیرفعال پائے گئے جبکہ 50 فیصد اسموک ڈیٹکٹرز بھی خراب ہیں، جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال خصوصاً آتشزدگی کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید انکشاف ہوا ہے کہ اسپتال کے 32 ائیرکنڈشنرز خراب ہیں جبکہ دو الٹراساونڈ مشینیں بھی ناکارہ ہونے کے باعث مریضوں کے تشخیصی ٹیسٹ تاخیر کا شکار ہیں۔ گائنی وارڈ کی لفٹس بند ہونے سے حاملہ خواتین اور دیگر مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایمرجنسی اور او پی ڈی کے واش رومز میں گندگی کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جو اسپتال کے مجموعی انتظامی ڈھانچے پر سوالیہ نشان ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو تین روز میں تفصیلی جواب جمع کروانے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔