کراچی: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور سیکریٹری صحت سندھ طاہر حسین سانگی نے آج سول اسپتال کراچی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری ماسٹر پلان کے تحت ہونے والے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال ڈاکٹر خالد بخاری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران وزیر صحت کو اسپتال میں جاری بڑے منصوبوں، خصوصاً میڈیکل اور سرجیکل ٹاورز کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ یہ منصوبے جدید طبی سہولیات کی فراہمی، مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے اور اسپتال کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے منصوبوں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے بڑے اسپتالوں کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔
سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی نے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی شفاف نگرانی کو یقینی بنایا جائے اور فنڈز کے مؤثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کی تکمیل سے نہ صرف سول اسپتال کی گنجائش میں اضافہ ہوگا بلکہ جدید طبی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل اور سرجیکل ٹاورز کی تکمیل سے ایمرجنسی، او پی ڈی اور داخل مریضوں کے علاج معالجے کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ مریضوں کو ایک ہی جگہ پر جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

