کراچی : قومی ادارہ برائے امراض قلب نے 2025 کی اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں مفت اور جدید قلبی علاج کی فراہمی میں تاریخی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ سال 2025 کے دوران این آئی سی وی ڈی کراچی میں ملک بھر سے آنے والے 16 لاکھ سے زائد مریضوں کو مکمل طور پر مفت علاج فراہم کیا گیا، جس سے یہ ادارہ مفت قلبی سرجریز اور پرائمری انجیوپلاسٹی فراہم کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق، سال 2025 کے دوران این آئی سی وی ڈی کراچی میں 9,205 پرائمری اینجیوپلاسٹیز، 6,442 ارلی انویسو و الیکٹو اینجیوپلاسٹیز اور 18,757 سے زائد اینجیوگرافیز کی گئیں۔ 3,149 پیڈیاٹرک کیتھٹرائزیشنز اور انٹروینشنز جبکہ 285 پرکیوٹینیئس ٹرانس وینس مائٹرل کمیسوروٹومی پروسیجرز انجام دیے گئے۔
سال 2025 کے دوران ٹرانس کیتھیٹر آؤرٹک والو امپلانٹیشن کے 41 پروسیجرز سرانجام دیے گئے، اس پیچیدہ پروسیجر ٹاوی کی لاگت تقریباً 40 لاکھ روپے ہے جو حکومتِ سندھ کے تعاون سے مکمل طور پر مفت انجام دیے گئے۔
این آئی سی وی ڈی کراچی میں 1,567بڑوں کی اوپن ہارٹ سرجریز اور 1,231 بچوں کی اوپن ہارٹ سرجریز بھی کی گئیں۔ اس کے علاوہ 66 فالج کے مریضوں کا پروسیجر کر کے ان کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا گیا، جبکہ 964 عارضی پیس میکر اور 1,167 مستقل پیس میکرز نصب کیے گئے۔ تشخیصی اور آؤٹ ڈور خدمات کے تحت 88,484 ایکوکارڈیوگرافی ٹیسٹس، 445,209 بالغ و اطفال او پی ڈی وزٹس اور 54,131 مریضوں کو داخل کیا گیا۔
سال 2025 کے دوران دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے 158,266 مریضوں کو این آئی سی وی ڈی کراچی میں مفت علاج فراہم کیا گیا۔ ان میں پنجاب سے 35,139، بلوچستان سے 109,340، خیبر پختونخوا سے 11,599، آزاد کشمیر سے 1,203 اور گلگت بلتستان سے 985 مریض شامل تھے، جنہیں جدید اور مہنگا قلبی علاج بلا معاوضہ فراہم کیا گیا۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی، پروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ ادارے کی یہ غیر معمولی کارکردگی حکومتِ سندھ کے مسلسل اور غیر متزلزل تعاون کی بدولت ممکن ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی ملک بھر کے مریضوں کو سرجریز، اینجیوپلاسٹیز، الیکٹروفزیالوجی کا علاج، فالج کے علاج اور جدید تشخیصی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کر رہا ہے۔
پروفیسر طاہر صغیر نے مزید بتایا کہ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے او پی ڈی بلاک کا بھی حال میں ہی افتتاح کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا،“این آئی سی وی ڈی اس عزم پر قائم ہے کہ کسی بھی مریض کو مالی مشکلات کی وجہ سے معیاری قلبی علاج سے محروم نہ رہنے دیا جائے۔”


