جمعرات, فروری 5, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سندھ میں کووڈ ویکسینیٹرز کے لئے خوشخبری، کنٹریکٹ میں 89 روز کی توسیع

کراچی : محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں خدمات انجام دینے والے کووڈ-19 کنٹریکٹ ویکسینیٹرز کے لیے ایک اہم اور حوصلہ افزا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے کنٹریکٹ میں 89 روز کی توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت ویکسینیٹرز کی مدتِ ملازمت یکم جنوری 2026 سے 30 مارچ 2026 تک برقرار رہے گی۔

ای پی آئی سندھ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ توسیع محکمہ صحت سندھ کے 31 دسمبر 2025 کے سرکاری منظوری نامے کی روشنی میں دی گئی ہے۔ توسیع کا اطلاق ان کووڈ ویکسینیٹرز پر ہوگا جن کے نام DRC فہرست میں شامل ہیں یا جنہیں نومبر 2025 کی تنخواہ ادا کی جا چکی ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ توسیع شدہ مدت کے دوران ویکسینیٹرز کو 45 ہزار روپے ماہانہ مقررہ مشاہرہ دیا جائے گا۔ یہ توسیع خدمات کے تسلسل اور کورونا سے بچاؤ کے قومی پروگرام کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے لیے دی گئی ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ ڈاکٹر راج کمار نے تمام ضلعی ہیلتھ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر قوانین اور پالیسی کے مطابق فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور متعلقہ ویکسینیٹرز کے معاملات میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے۔

اعلامیہ کراچی کے تمام اضلاع کے علاوہ بدین، دادو، حیدرآباد، جیکب آباد، خیرپور، لاڑکانہ، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، شکارپور، سجاول، سکھر، ٹنڈو الہٰیار، ٹھٹھہ اور عمرکوٹ سمیت سندھ کے متعدد اضلاع کے ضلعی ہیلتھ افسران کو ارسال کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے اس فیصلے کو ویکسینیٹرز نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عارضی توسیع کے بجائے انہیں مستقل ملازمت یا طویل المدتی کنٹریکٹ فراہم کیا جائے تاکہ فیلڈ میں کام کرنے والے عملے کو معاشی اور پیشہ ورانہ تحفظ حاصل ہو سکے۔