جمعرات, فروری 5, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

جے ایس ایم یو میں تحقیق کو درپیش چیلنجز پر اعلیٰ سطحی پینل مباحثہ، وزیرِ جامعات سندھ کی شرکت

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے سالانہ تعلیمی و تحقیقی سمپوزیم کا آغاز 17 دسمبر کو “طبی جامعات میں تحقیق کی راہ میں حائل رکاوٹیں” کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی پینل مباحثے سے ہوا، جس کی صدارت وزیرِ جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے کی۔ سمپوزیم کی صدارت پروفیسر محمد آصف میمن نے کی جبکہ ڈاکٹر شیراز شیخ اور ڈاکٹر نازش جعفر نے بطور شریک صدور دن بھر جاری رہنے والی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔

خطاب کرتے ہوئے وزیرِ جامعات سندھ نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں موجود تحقیقی ماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ، طلبہ اور ماہرین میں تحقیق کے لیے موجود جذبہ خوش آئند ہے اور اگر آگے بڑھنے کا عزم ہو تو محدود وسائل کے باوجود ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سرکاری جامعات کو مالی معاونت فراہم کر رہی ہے اور سندھ کی جامعات کو دیگر صوبوں اور وفاقی حکومت کے مقابلے میں زیادہ تحقیقی گرانٹس مل رہی ہیں، جبکہ عالمی سطح پر صحت اور تحقیق کے شعبوں میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کے باوجود کئی بیماریاں آج بھی لاعلاج ہیں، جو مزید تحقیق کی متقاضی ہیں۔

پینل مباحثے میں طبی تعلیم اور تحقیق سے وابستہ ممتاز ماہرین ڈاکٹر شوکت جاوید، پروفیسر نذیر خان، پروفیسر اقبال آفریدی، ڈاکٹر نبیل نعیم بیگ اور پروفیسر نگہت شاہ نے شرکت کی اور طبی تعلیم، نصاب، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، تحقیقی جرائد کے کردار اور اشاعتِ تحقیق کے مقاصد پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق کو تعلیمی نظام کا بنیادی حصہ بنایا جائے اور اساتذہ و طلبہ کو معیاری اور اخلاقی تحقیق کی جانب راغب کیا جائے۔

اختتام پر پرو وائس چانسلر پروفیسر نگہت شاہ نے نوجوان محققین کو تحقیق میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی، جبکہ وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے سمپوزیم کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی قومی ترقی اور عالمی علم میں مؤثر کردار ادا کرنے والی تحقیقی سرگرمیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ سمپوزیم کے دوران بیسک اور کلینیکل سائنسز میں زبانی تحقیقی سیشنز کے ساتھ ساتھ پوسٹ گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ طلبہ کے تحقیقی پوسٹرز بھی پیش کیے گئے، جبکہ سالانہ تعلیمی و تحقیقی سمپوزیم کا اختتام آج تعلیم اور تحقیق میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق سیشنز کے ساتھ ہوگا۔