پیر, دسمبر 15, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈاکٹر وردہ قتل کیس، مفرور ملزم شمریز پولیس مقابلے میں ہلاک

ایبٹ آباد : لیڈی ڈاکٹر وردہ مشتاق قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس مقابلے کے دوران مفرور ملزم شمریز ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ٹھنڈیانی روڈ پر ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تھا کہ اس دوران ملزم اور اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ملزم شمریز موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم شمریز ڈاکٹر وردہ قتل کیس میں مفرور تھا اور واردات میں براہِ راست ملوث تھا۔ اس سے قبل اس کیس میں مرکزی ملزمہ ردا، اس کے شوہر اور دو دیگر ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر وردہ نے بیرونِ ملک روانگی سے قبل اپنی قریبی دوست ردا کے پاس 67 تولہ سونا امانتاً رکھوایا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے سونا واپس کرنے کا بہانہ بنا کر ڈاکٹر وردہ کو اپنے ساتھ لے گئی، جس کے بعد انہیں اغوا کر کے قتل کیا گیا اور بعد ازاں ان کی لاش ٹھنڈیانی کے قریب ایک ویران مقام سے برآمد ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں ملوث دیگر عناصر کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔