اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

اسپتال کا آرتھوپیڈک وارڈ میدانِ جنگ بن گیا، دو لاشیں، ایک گرفتار

لاڑکانہ : لاڑکانہ کے چانڈکا اسپتال میں آج دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو مسلح افراد نے اسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعے میں ایک خاتون زخمی ہوئی جبکہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقتولین، ریحانہ اور اس کے شوہر، قمبر کے نواحی گاؤں بہرام کے رہائشی تھے جنہوں نے حال ہی میں پسند کی شادی کی تھی۔ ریحانہ پر پہلے بھی ایک حملہ ہو چکا تھا جس میں وہ ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو کر چانڈکا اسپتال کے آرتھوپیڈک وارڈ میں داخل تھیں۔

آج صبح ایک بار پھر مسلح ملزمان اسپتال میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر دی تاہم اس بار ریحانہ نے شوہر کے پاس موجود پستول سے جوابی فائرنگ کی، جس میں ایک حملہ آور جو ان کا بھانجہ بتایا جا رہا ہے زخمی ہو گیا، جبکہ دیگر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ کاروکاری کے تنازعے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی خاتون، ساجدہ شیخ، کی حالت تشویشناک ہے۔

ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق اسپتال کے اندر فائرنگ ایک سنگین سیکیورٹی خدشہ ہے، اور پولیس اس کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے۔ زخمی حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ ذاتی دشمنی اور خاندانی تنازعے کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم پولیس تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔