اتوار, اکتوبر 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

فیل نرسنگ طلبا کے لیے بڑے ریلیف کا امکان، نرسنگ کونسل نے ڈاؤ یونیورسٹی میں ری سِٹ امتحانات کی سفارش کر دی

اسلام آباد : پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل (PNMC) نے ڈاؤ یونیورسٹی میں جی بی ایس این (GBSN) اور پوسٹ آر این (Post RN) طلبا کے لیے ری سِٹ/سپیشل امتحان کے انعقاد کی سفارش کر دی ہے۔ یہ فیصلہ طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی متعدد شکایات کے پیش نظر کیا گیا، جن میں نتائج کے اجراء میں تاخیر کے سبب طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی سیکریٹری یاسمین آزاد کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ تاخیر کی وجہ سے کئی طلبہ اگلے سیمسٹرز میں تو داخل ہو گئے، لیکن پچھلے ناکام مضامین کے امتحانات میں شریک نہ ہو سکے، جس سے ان کی تعلیمی ترقی متاثر ہوئی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں نرسنگ اسٹاف کی شدید کمی ہے اور وزیرِ اعظم پاکستان و وزارتِ صحت کی ہدایت پر نرسنگ کے شعبے کو مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایسے میں امتحانی نتائج کی تاخیر اور تضادات نرسنگ کے اجتماعی وقار کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ کونسل نے زور دیا ہے کہ تعلیمی انصاف اور برابری کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرہ طلبہ کو ایک موقع دیا جانا ناگزیر ہے، تاکہ وہ اپنی تعلیمی راہ میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو عبور کر سکیں۔

خط کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ تمام جی بی ایس این اور پوسٹ آر این طلبا کے لیے جو حالیہ نتائج میں ناکام قرار دیے گئے ہیں، ان کے لیے خصوصی امتحانات “ہمدردانہ بنیادوں” پر رکھے جائیں تاکہ ان کے تعلیمی سفر کو جاری رکھا جا سکے۔ یہ فیصلہ صدر پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے اور اس سے سینکڑوں طلبہ کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔