کراچی: ایس آئی یو ٹی چلڈرن اسپتال میں بچوں کا علاج اب صرف دواؤں سے نہیں، بلکہ کہانیوں، مسکراہٹوں اور جذباتی سپورٹ سے بھی کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں منعقدہ ایک خصوصی سیشن میں بچوں اور ان کے والدین کو ایسی محبت بھری محفل میں شریک ہونے کا موقع ملا جہاں الفاظ نے مرہم کا کام کیا۔
یہ انوکھا سیشن GoRead.pk کی بانی نسر سعید کی قیادت میں منعقد ہوا، جس میں بچوں کو دلچسپ اردو کہانی سنائی گئی۔ کہانی کے بعد بچوں نے کھل کر سوالات کیے، قہقہے لگائے اور لمحاتی طور پر اپنا دکھ بھلا دیا۔ یہ پروگرام نہ صرف بچوں کے چہروں پر خوشی لایا بلکہ اس نے ان کے والدین کو بھی جذباتی سکون فراہم کیا۔
سیشن میں ایس آئی یو ٹی کے بانی اور ڈائریکٹر پروفیسر ادیب الحسن رضوی اور شعبہ پیڈیاٹرک یورولوجی کے سربراہ ڈاکٹر ساجد سلطان بھی موجود تھے، جن کی موجودگی نے ادارے کی “بچے پہلے” پالیسی پر مہر ثبت کر دی۔ ایک والدہ نے اس موقع پر کہا کہ یہ اسپتال صرف علاج کا مرکز نہیں، بلکہ امید، یادوں اور ذہنی سکون کی آماجگاہ ہے۔
ایس آئی یو ٹی چلڈرن اسپتال ایک ایسا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جہاں بچوں کی جذباتی اور ذہنی صحت کو ترجیح دی جاتی ہے، والدین اور بچوں کو پریشانی سے پاک وقت دیا جاتا ہے اور ڈاکٹرز اور بچوں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کی جاتی ہے۔ یہ چھوٹے مگر دل سے کیے جانے والے اقدامات، بچوں کے علاج کو بہتر اور انسانی بنیادوں پر استوار کرنے کی نئی مثال قائم کر رہے ہیں۔
گو ریڈ ڈاٹ پی کے ایک تعلیمی و کہانی سنانے کا ادارہ ہے جو پاکستان میں بچوں میں مطالعے کا شوق، زبان کی بہتری اور تخلیقی سوچ کو فروغ دیتا ہے۔ ایس آئی یو ٹی جیسے اسپتالوں میں ان کی شراکت سے ثابت ہوتا ہے کہ کہانیاں صرف تفریح نہیں، بلکہ شفا کا ذریعہ بھی ہو سکتی ہیں۔