لندن/کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے بانی و قائد الطاف حسین کو شدید علالت کے باعث لندن کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم (لندن) کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا نے بذریعہ سوشل میڈیا اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔
ڈپٹی کنوینر قاسم علی رضا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بانی وقائد جناب الطاف حسین کو شدید علالت کے باعث لندن کے مقامی اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ تمام وفاپرست ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی صحت و تندرستی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔
ذرائع کے مطابق الطاف حسین کو سانس کی شدید تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی مکمل نگرانی کر رہی ہے۔ ان کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال منظر عام پر نہیں آئیں تاہم رابطہ کمیٹی کے مذید معلومات کے لئے درخواست کی گئی ہے۔
الطاف حسین کی خرابیٔ صحت کی خبر سامنے آتے ہی سیاسی اور سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کے حامیوں کی جانب سے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔