حسن ابدال (نمائندہ خصوصی) تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) اسپتال حسن ابدال میں مبینہ طور پر ڈاکٹر کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ایک خاتون مریضہ جاں بحق ہو گئی۔ متاثرہ خاتون کو غلط انجکشن لگایا گیا جس کے نتیجے میں اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ خاتون کی موت اسپتال کے عملے کی پیشہ ورانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ واقعے کے بعد اسپتال انتظامیہ اور ملوث طبی عملے کے خلاف تاحال کوئی قانونی یا محکمانہ کارروائی سامنے نہیں آئی، جس پر اہل خانہ اور اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے بھی اسپتال میں بڑھتی ہوئی غفلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔