کراچی : کراچی میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے خطرات کے پیش نظر ۱لخدمت نے شہر کے 5 مقامات پر ریلیف کیمپس قائم کر دیئے ہیں جبکہ مزید 10 علاقوں میں یہ کیمپس آج قائم کیے جائیں گے ۔کیمپ الخدمت کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے لسبیلہ، نیو کراچی، نارتھ کراچی، کورنگی اورلیاقت آباد کے علاقوں میں قائم کیے ہیں۔ریلیف کیمپوں میں الخدمت کے رضاکار موجود ہیں جو مسافروں اور راہگیروں اورشہریوں کوپینے کا پانی اور ٹھنڈے مشروب کے ساتھ انہیں ہیٹ ویو سے بچاو کیلئے آگاہی بھی فراہم کر رہے ہیں ۔
دریں اثنا ءایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ شہر میں شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی پیش گوئی کے بعد ہم نے مختلف مقامات پر ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں،جہاں الخدمت کے رضاکاموجود ہیں جو شہریوں کو ہیٹ اسڑوک سے بچاو کی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری کسی نقصان سے بچنے کیلئے شدید گرمی میں بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں ،سروں کو ڈھانپ کررکھیں ،پینے کے پانی کی بوتل اپنے ساتھ رکھیں ،خصوصاً بزرگ افراد اور بچے دوپہر کے وقت گھر وں سے نکلنے سے اجتناب برتیں۔راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت شہریوں کو کسی بھی مشکل صورتحال میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔