لاہور : یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور میں بدھ کے روز میڈیکل ایڈیٹنگ اور میڈیکل جرنلزم کے سرٹیفکیٹ کورسز مکمل کرنے والے شرکاء کے اعزاز میں تقسیمِ اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کی۔ تقریب میں کورسز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء کو نقد انعامات بھی دیے گئے جنہیں ممتاز میڈیکل ایڈیٹرز کے ناموں سے منسوب کیا گیا تھا۔
انعامات کی سپانسرشپ پاکستان جرنل آف میڈیکل سائنسز نے کی۔سرٹیفکیٹ ان میڈیکل ایڈیٹنگ کے چھٹے بیچ میں سمیہ خان نے پہلی، علی منصور نے دوسری اور قرۃ العین نقوی نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ حسیب محمود قادری کو عمدہ کارکردگی پر خصوصی انعام سے نوازا گیا۔ اسی طرح سرٹیفکیٹ ان میڈیکل جرنلزم فار ایڈیٹرز کے دوسرے بیچ میں عفیفہ احسان نے پہلی، محمد اجمل چوہدری نے دوسری اور سید علی رضا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ میڈیکل ایڈیٹنگ اور جرنلزم جیسے شعبے وقت کے ساتھ تیزی سے بدل رہے ہیں اور ان کورسز کے ذریعے ہم تحقیق اور اشاعت کے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری جرائد کے بغیر اچھی تحقیق سامنے نہیں آ سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو ایچ ایس نے ان "ان سٹرکچرڈ کورسز” کے ذریعے پرانی سوچ کو تبدیل کرنے کی بنیاد رکھی ہے۔
کورسز کی فوکل پرسن، پروفیسر نادیہ نسیم نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کورسز کو عالمی ادارۂ صحت (WHO) سے بھی توثیق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2019ء میں جب ہم نے یہ کورسز شروع کیے تو پاکستان میں صرف 10 ایچ ای سی تسلیم شدہ میڈیکل جرنلز تھے لیکن آج ان کی تعداد بڑھ کر 72 ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یو ایچ ایس میں میڈیکل ایڈیٹرز کی ہینڈز آن تربیت کے لیے باقاعدہ ایک ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جا چکا ہے۔
تقریب میں کورس فیسیلیٹیٹرز پروفیسر جمشید اختر اور پروفیسر شوکت جاوید بھی شریک تھے جبکہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ ابلاغ عامہ کی سربراہ پروفیسر نوشینہ سلیم نے یو ایچ ایس کی اس کاوش کو ہیلتھ جرنلزم کے فروغ میں ایک تاریخی قدم قرار دیا۔