ہفتہ, جولائی 5, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

جناح میڈیکل کمپلیکس 600 کینال پر محیط، 1000 بستروں پر مشتمل، پورے خطے کے لئے بہترین ثابت ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے منصوبے کی تعمیر کے تمام مراحل میں سو فیصد شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے بہترین طبی سہولیات اور جدید ترین طبی تحقیق کے لیے آلات سے لیس ہسپتال ہو گا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے تمام مراحل کی نگرانی میں خود کروں گا۔انہوں نے ڈیزائن، سپرویژن، اور تعمیر کے حوالے سے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹر کی خدمات بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعے حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے بریفننگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پی سی ون کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔

جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے بنائے گئے ٹرسٹ فنڈ میں 3 ارب 50 کروڑ روپے کا ابتدائی سرمایہ منتقل کیا جا چکا ہے۔600 کنال رقبے پر محیط اس بین الاقوامی طرز کے 1000 بستروں سے زائد کے ہسپتال میں 9 سینٹرز آف ایکسیلنس ہوں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل، پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔