کراچی :جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی سینٹرل لائبریری کی جانب سے دو روزہ کتب میلہ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد میڈیکل طلبہ و طالبات اور ملحقہ طبی علوم کے کتب بینوں کو علمی و تدریسی وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنا تھا۔ اس میلے میں مختلف نمائش کنندگان نے طبی و غیر طبی کتب، جرائد، اور میڈیکل آلات کی نمائش کی، جس سے سیکھنے اور جدت کے فروغ کو تقویت ملی۔
وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر امجد سراج میمن نے میلے کا افتتاح کیا اور اپنے کلیدی خطاب میں مطالعہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُن کا کہنا تھا "کتابیں انسانیت کی مخلص ترین ساتھی رہی ہیں۔ آج کے ڈیجیٹل دور میں مطالعے کی عادت تنقیدی سوچ اور پیشہ ورانہ برتری کے لیے نہایت ضروری ہے۔”
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن اور رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان دو روزہ کتب میلے کا افتتاح کرتے ہوئے۔
اس موقع پرجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر اعظم خان اور ڈائریکٹر لائبریری محترمہ ام رومہ ریحان بھی موجود تھیں۔ ڈائریکٹر ام روما نے اس علمی سرگرمی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا "یہ اقدام طلبہ اور معیاری علمی وسائل کے درمیان پل کا کام کرتا ہے، جو ہماری علمی برادری کو بااختیار بناتا ہے۔”
کتب میلے میں طلبہ، اساتذہ، اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے معروف پبلشرز کے اسٹالز پر نئی کتب اور میڈیکل ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات حاصل کیں اور علمی گفتگو میں بھرپور حصہ لیا۔ اس میلے کو علم کے تبادلے اور پیشہ ورانہ ترقی کے فروغ کے لیے سراہا گیا۔