ہفتہ, اپریل 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈاؤ یونیورسٹی، اسٹوڈنٹس فیڈبیک پورٹل کا افتتاح

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نے اسکول آف پوسٹ گریجویٹ کے اسٹوڈنٹس فیڈبیک پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس جدید نظام کے آنے کے بعد ہماری یونیورسٹی نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ انتظامی اور تکنیکی اعتبار سے بھی ہمارا شمارملک کی صفِ اول جامعات میں ہوتاہے۔ اس موقع پر پرووائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین، پرنسپل اسکول آف پوسٹ گریجویٹ پروفیسر ساجدہ قریشی، پرنسپل ڈی ایم سی پروفیسر صباسہیل ودیگر بھی موجود تھے۔

پروفیسر محمد سعید قریشی نے کہا کہ یہ پورٹل یونیورسٹی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک دوسرے کے ساتھ بہتر طور پر منسلک کر دے گا، جس سے باہمی روابط اور اعتماد بڑھے گا اور مل کر ترقی کی رفتار کو مزید ہموار کیا جا سکے گا۔ قبل ازیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹوڈنٹ فیڈبیک پورٹل کا بنیادی تصور اور وژن ہماری شعبہ جاتی سربراہ ڈاکٹر ساجدہ قریشی کا ہے، جنہوں نے ادارے کی بہتری، ترقی اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطے کو فروغ دینے کے لیے اس سسٹم کی بنیاد رکھی۔ فیڈبیک پورٹل کا مقصد مختلف پروگرامز جیسے ماسٹرز، پی ایچ ڈی، ڈپلومہ اور ایف سی پی ایس میں شامل طلباء، ان کے سپروائزرز اور متعلقہ پروگرام ڈائریکٹرز کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ اپنے تجربات اور مشاہدات کی بنیاد پرفیڈ بیک فراہم کریں۔

مذکورہ پورٹل کے ذریعے تمام اسٹیک ہولڈر کو ایک مخصوص سی ایم ایس آئی ڈی دی گئی ہے جس کے ذریعے وہ سسٹم میں لاگ ان ہو کر اپنی رائے شامل کر سکیں گے۔ ان اسٹیک ہولڈرز میں طلبا ، ریزیڈینٹس، سپر وائزرا ور پروگرام ڈائریکٹرز شامل ہیں۔ لاگ اِن کرنے کے بعد صارف کے پاس دو بنیادی اختیارات ہوتے ہیں۔ ایک اپنی پروفائل کو دیکھنا یا اس میں ضروری تبدیلیاں کرنا، جیسے اگر ای میل ایڈریس، ذاتی پتہ یا ڈیپارٹمنٹ کی معلومات مکمل نہ ہوں تو انہیں اپڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔ دوسرا آپشن فیڈبیک فارم بھرنے کا ہوتا ہے۔ جب صارف فیڈبیک فارم بھر کر جمع کرا دیتا ہے تو وہ معلومات سیدھی ایس پی ایچ ایس کو موصول ہوتی ہیں، جہاں ان کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

فیڈبیک کے تجزیے کے بعد یہ جاننے کی کوشش کی جاتی ہے کہ کون سے پہلوؤں پر بہتری کی ضرورت ہے، کون سے مسائل بار بار سامنے آ رہے ہیں، اور مزید کن مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے تاکہ ادارہ مزید ترقی کرے۔ اس پورے عمل کا مقصد صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنانا نہیں بلکہ ڈپارٹمنٹس، پروگرامز اور مجموعی طور پر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ساکھ کو مستحکم کرنا بھی ہے۔علاوہ ازیں پروفیسر محمد سعید قریشی نے اسکول آف پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز کے بورڈ روم کا افتتاح بھی کیا۔