کراچی : گالیاں اور تھپڑ کھانے والے نرس کی عزت نفس بحال کرنے کے بجائے ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹروں سے صلح صفائی کر لی جس سےنرسوں کی سخت حوصلہ شکنی ہوئی۔ نرسوں نے انصاف کے لئے سینئر رہنما اعجاز علی کلیری سے امیدیں وابستہ کرلیں۔ ہیلتھ ٹائمز سے بات چیت کے دوران نرسوں نے ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے صدر سید شاہد اقبال کی جانب سےانصاف دلانے کے بجائے صلح صفائی پر دکھ کا اظہا رکیا۔
تین روز قبل جناح اسپتال کراچی میں ڈاکٹر ظفر اور مرد نرس عبدالسعد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور ڈاکٹر نے نرس کو گالیاں دیتے ہوئے تھپڑ رسید کر دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ ینگ نرسز ایسوسی ایشن نے معاملے کی مذمت کرتے ہوئے شفاف تحقیقا ت کا مطالبہ کیا لیکن مطالبے کے اگلے ہی روزصلح صفائی کر لی جس کی تصاویر جاری کر دی گئیں جبکہ ایک پریس ریلیز بھی جاری کی گئی۔
نرس کو گالیاں دینے اور تھپڑ مارنے کی وائرل ویڈیو
تصاویر میں ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محبوب علی نوناری، گالیاں دینے والے ڈاکٹر ظفر، صدر ینگ نرسز ایسوسی ایشن سید شاہد اقبال اورپیرامیڈیکس رہنما حسن پٹھان کو دیکھا جاسکتا ہے ۔ صلح صفائی ڈاکٹر محبوب نوناری کی جانب سے کرائی گئی تاہم بغیر معافی مانگے اور آئندہ ایسی حرکت سے باز رہنے کی ویڈیو جاری کیے بغیر صلح صفائی کی نرسوں نے مذمت کی ہے۔

ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی جاری پریس ریلیز کے مطابق آج جی ایچ اے کے چیئرمین ڈاکٹر محبوب نوناری، پیپلز پیرامیڈیکل کے رہنما حسن پٹھان، ینگ نرسز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سید شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری عطا حسین راجپر کی قیادت میں ڈاکٹر ظفر گلگتی اور نرسنگ آفیسر عبدالسعد کے درمیان صلح نامہ طے پایا گیا۔ مذاکرات میں ڈاکٹر مہران، السحر ناز، طاہر خان، عبدالستار، محمد یونس مغل اور حافظ محمد چنڑ بھی شامل تھے، جن کی موجودگی میں تمام معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرلیا گیا۔ اس کامیاب مفاہمت سے طبی برادری میں ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔قیادت کی اس مثبت کاوش سے طبی و نرسنگ برادری میں یکجہتی اور باہمی تعاون کی ایک بہترین مثال قائم ہوئی ہے۔
ہیلتھ ٹائمز سے بات چیت میں نرسز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ظفر تہذیب اور شائستگی سے عاری ہیں ، گالم گلوچ ان کا وطیرہ ہے ان کے خلاف کاروائی ہونی چاہیے ۔ نرسوں نے سینئر رہنما اعجاز کلیری سے درخواست کی ہے کہ معاملے کو خود حل کرائیں ۔