جمعرات, جون 19, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سینٹرل، ایک درجن سے زائد کلیدی عہدوں پر غیر متعلقہ افراد تعینات

کراچی : ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیس سینٹرل کے ایک درجن سے زائد کلیدی عہدوں پر غیر متعلقہ افراد غیر قانونی طورپر تعینات ہیں۔ عدالت عظمی کے احکامات کے خلاف تعینات آوٹ آف کیڈر ملازمین کوہٹایا نہیں جارہا جس سے اہل اور حق دار ملازمین کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔

ہیلتھ ٹائمز کو حاصل معلومات کے مطابق ضلع میں گریڈ 17 کے اکاؤنٹس آفیسر کی اسامی پر 11 گریڈ کے ویکسی نیٹر فیاض احمد قابض ہیں۔ 11 گریڈ کے اکاؤنٹ اسسٹنٹ کی دو اسامیوں پر 9 گریڈ کے ڈسپنسر ارشد اور 2 گریڈ کے وارڈ سرونٹ ذوالفقار کام کر رہے ہیں۔

فیاض احمد، ارشد اور ذوالفقار  

گریڈ 11 کے ایڈمن اسسٹنٹ پر  14 گریڈ کےہیلتھ ٹیکنیشن ندیم اختر کام کر ہے ہیں۔ ای پی آئی سیل کے انچارج 2گریڈ کے وارڈ سرونٹ سعد حسین ہیں جنہوں نے حال ہی میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی سے ساز باز کرکے غیر قانونی طور پر اپنا کیڈر تبدیل کرایا ہے۔ 16 گریڈ کے ڈسٹرکٹ سپروائزر ویکسی نیٹر کی اسامی پر 6 گریڈ کا ویکسی نیٹر کاظم رضوی تعینات ہے۔

ندیم اختر، سعد حسین اور کاظم رضوی

ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم اور ای پی آئی ڈیٹا فوکل پرسن کے عہدے پر ایک گریڈ کا مالی وقاص تعینات ہے۔ ای پی آئی سیل میں 14 گریڈ کے آفس اسسٹنٹ کے عہدے پر 2 گریڈ کا وارڈ سرونٹ وجاہت علی قبضہ کرکے بیٹھا ہے۔ ڈیزیز سرویلینس ڈیٹا فوکل پرسن پر لیب ٹیکنیشن ارسلان بیگ کام کر رہا ہے۔

وقاص، وجاہت علی اور ارسلان بیگ

اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ ویکسی نیٹر کی اسامی 11 گریڈ کے ویکسی نیٹر ناصر خان کے سپرد کر دی گئی ہے، پولیو اور ای پی آئی کے اسٹور کی ذمہ داری اسٹور کیپر اور اسسٹنٹ اسٹور کیپر کے بجائے 11 گریڈ کے ویکسی نیٹر ریاض احمد اور 6 گریڈ کے ویکسی نیٹر شیر نواز کو دے دی گئی ہے۔ میڈیسن اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے اسٹور کیپر کے عہدے پر 9 گریڈ کے ڈسپنسر ندیم اختر کو تعینات رکھا گیا ہے۔

ناصر خان، ریاض احمد، شیر نواز اور ندیم اختر

یاد رہے کہ سیکریٹری صحت سندھ ریحان اقبال بلوچ نے ان کرپٹ عناصر سے ضلع وسطی کو پاک کرنے کا ٹاسک سخت گیر آفیسر ڈاکٹر سہیل میمن کو سونپا تھا جو اسے پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہے جس نے صوبائی سیکریٹری کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

سیکریٹری صحت ریحان اقبال بلوچ اور ڈی ایچ او سینٹرل ڈاکٹر سہیل میمن

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کراچی آفیس میں دبنگ آفیسر کی شہرت رکھنے والے ڈاکٹر سہیل میمن ضلع سینٹرل میں تعینات ہونے کے بعد کمزور پڑ گئے ہیں اور ڈسٹرکٹ سے اپنے تبادلے کے دن گن رہے ہیں ، ان کے آنے سے بدعنوان مافیا کے خاتمے کی جو امید پیدا ہوئی تھی وہ ماند پڑ گئی ہے۔