کراچی : گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ عباسی شہید اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں اور تیمار داروں سے ملاقاتیں کی اور اسپتال میں موجود سہولیات کے حوالہ سے بات کی ۔ اس موقع پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ ، ڈاکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ متعلقہ افسران نے گورنرسندھ کو اسپتال کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔
بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال شہر کے بڑوں اسپتال میں شمار ہوتا ہے جہاں پر نہ صرف اس کے اطراف کے مکین اپنے پیاروں کا علاج کراتے ہیں بلکہ مضافاتی علاقوں سے بھی لوگ یہاں علاج کرانے آتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنے پہلے دورہ کے دوران جو بریفنگ دی گئی اسے سن کر بہت افسوس اور دکھ ہوا تھااسپتال میں آپریشن تھیٹر تک صحیح انداز میں کام نہیں کررہا ہے جبکہ دیگر شعبے بھی متاثر ہیں وہی میں نے تہیہ کرلیا تھا کہ اس اسپتال کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کے لئے با اختیار لوگوں سے بات کرکے ان سے درخواست بھی کروں گا کہ عباسی شہید اسپتال کے مسائل کو حل کرنے میں اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیں ۔
اس ضمن میں جب میری پیپلز پارٹی کے رہنماؤں بالخصوص وزیراعلیٰ سندھ سے بات کی تو انہوں نے اس ڈر اور تکلیف کو اس ہی انداز سے نہ صرف محسوس کیا بلکہ فوری احکامات بھی صادر کئے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میری ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب سے بات ہوئی تو ایڈمنسٹریٹر نے میری بات پر فوراً لبیک کیا ۔انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ عباسی شہید اسپتال کو آغا خان اور لیاقت نیشنل اسپتال کی طرز پر لے کر جا سکوں اس اسپتال کو ٹھیک کرنے کا جذبہ رکھتاہوں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل سپریٹنڈنٹ سے ملاقات میں انہیں یقین دلایا ہے کہ اسپتال کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کراؤں گا۔
اس ضمن میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بھی اسپتال کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے انشااللہ کچھ عرصہ میں بڑی تبدیلیاں لوگوں کو نظر بھی آئیں گی ۔ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ مولا جٹ جیسے گورنرکام بھی ویسا ہی کرے گا ۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کی ترقی کے لئے مل کر کام کریں ، عباسی شہید اسپتال کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھرپور کوششیں کی جائیں گی ۔