جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

عباسی شہید اسپتال میں بچوں کے وارڈ میں 2 جدید وینٹی لیٹر نصب

 سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سروسز کے ایم سی ڈاکٹرندیم آصف نے کہا ہے کہ عباسی شہید ہسپتال میں بچوں کا وارڈ کراچی کی بڑی آبادی کو مستفید کرتا ہے،اب 7 وینٹی لیٹرز شعبہ کے پاس ہو چکے ہیںجبکہ مزید سہولیات کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔وہ کے ایم سی کے تحت چلنے والے عباسی شہید ہسپتال کے بچوں کے وارڈ میں 2 وینٹی لیٹرز کی تنصیب و افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

ڈاکٹر سلطان مصطفی اور انکی ٹیم کی کاوشوں سے ہیل ایڈ فاؤنڈیشن اور چائلڈ ہیلتھ اینڈ گروتھ ویلفیئر آرگنائزیشن کے مشترکہ تعاون سے عباسی شہید ہسپتال میں 2 وینٹی لیٹرز کا اضافہ کیا گیا۔اس موقع پر فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے ادارے کا تعارف اور مقاصد بھی بتائے۔

ڈائریکٹر عباسی شہید ہسپتال ڈاکٹر محمد نادر خان نے ٹیم کو سراہتے ہوئے کہاکہ بچوں کے وارڈ کے علاوہ بھی ہم ہسپتال کے دیگر مسائل کو بھی حل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔عباسی شہید ہسپتال میں بچوں کے شعبہ کے سربراہ اور سابق پرنسپل کراچی میڈیکل ڈینٹل کالج سینئر ڈاکٹر پروفیسرسلطان مصطفیٰ نے کہاکہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہرممکن جدید علاج کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی سب سے گنجان آبادی میں بچوں کی صحت عامہ کے لیے 24 گھنٹے شعبہ کی ٹیم موجود ہوتی ہے۔ٹیم ورک کے نتیجےمیںسال بھر میں 78000آبزرویشن ، 66000 اوپی ڈی، 1000 بچے نرسری اور انتہائی نگہداشت کے بچوں کا علاج کیاگیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ عباسی شہید ہسپتال ڈاکٹر نعیم قمرنے شعبہ پیڈیاٹرک کی کاوشوں کو سراہا اور ٹیم کی مشکلات دور کرنے کے لیے ہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کے معیار اور تاثر کو بہتر بنانے کے لیے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انچارج پیڈز یونٹ 2 ڈاکٹر پروفیسر ابراہیم نے شعبہ کی کاوشیں بتاتے ہوئے کہاکہ ڈائیلاسز ، ویکسینیشن اور او پی ڈی سمیت تمام اہم ضروریات یہاں مہیا کی گئی ہیں،150 بیڈ کے وارڈ میں 20 انکیوبیٹر اور 50بیڈ ایمرجنسی کے لیے مختص ہیں ۔