جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ایس آئی یو ٹی سکھر میں جدید ترین سہولتوں سے آراستہ روبوٹک سرجری یونٹ کا قیام

ایس آئی یو ٹی سکھر میں سندھ حکومت کے تعاون سے پہلا روبوٹک سرجری یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہونے ایس آ ئی یو ٹی چھبلانی میڈیکل سینٹر میں قائم روبوٹک سرجری یونٹ کا افتتاح کیا۔

ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے لئے یہ ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ میرے استاد اور ہم سب کے لئے مشعل راہ پروفیسر ادیب رضوی میرے ساتھ اس وقت یہاں موجود ہیں اورمیں ان کی سرپرستی میں روبوٹک سرجیکل یو نٹ کا افتتاح کر رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور اس سینٹر کا قیام بھی اس کڑی کا ایک حصہ ہے۔ ہمارے قومی اور صوبائی اسمبلی کے نمائندے ہمیشہ ایس آئی یو ٹی کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے حاضر ہیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ روبوٹک سرجری کو سرجیکل سائنسز کا مستقبل ماناجاتا ہے اور اس مرکز سےسکھر کےعلاوہ اور دوسرے شہروں جن میں لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز اور بینظیر آباد شامل ہیں ،وہاں کے مریضوں کوبھی فائدہ ہوگا۔

ڈاکٹر ادیب رضوی ڈائریکٹر ایس آئی یو ٹی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایس آئی یو ٹی کا فلسفہ تمام مریضوں کو جدید ترین علاج کی سہولیات مفت ، عزت نفس کے ساتھ مہیا کرنا ہے اسی فلسفے کے تحت سکھر میں روبوٹک سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ اس جدید ترین سرجری سےعام آدمی کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکےاورعلاج کےسلسلے میں اسے طویل سفر نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے حکومت سندھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر کا قیام میں حکومت سندھ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل رہا ہے ۔ اور انہی کے تعاون سے پاکستان اور خطے کے نئے سرجنز کے لئے روبوٹک ٹریننگ سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

ڈاکٹر ریحان محسن جو کہ ایس آئی یو ٹی کے روبوٹک سرجن ہیں انہوں نے شرکاء کو روبوٹک سرجری کے فوائدکے بارے میں آگاہ کیا کہ اس سرجری سے مریض کے جسم پر آپریشن کے بہت کم نشانات ہوتے ہیں، خون کا ضیاع کم ہوتا ہے، اور مریض کا ہسپتال میں قیام بھی محدود ہوتا ہے۔