سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ کی غفلت کے باعث الٹرا ساؤنڈ کرانے والی خواتین زمین پر بیٹھنے پر مجبور ہو گئی ہیں ۔ شعبہ الٹرا ساؤنڈ کے قریب کرسیاں نہیں رکھی گئیں جبکہ سیمنٹ کے بینچوں کا بھی بندوبست نہیں ۔
اسپتال کی انتظامی سربراہ خود ایک خاتون ہیں لیکن انہیں حاملہ خواتین کی پروا نہیں ۔ شعبہ کے انچارج ڈاکٹر اور سپروائزر کلیم بھی اس حوالے سے غفلت کے مرتکب ہیں کیونکہ صبح کی شفٹ میں کرسیاں ہوتی ہیں لیکن شام کی شفٹ میں حاملہ خواتین کے لیے کرسیاں موجود نہیں ہوتیں ۔
خواتین کو مجبوراً زمین پر بیٹھ کر انتظار کرنا پڑتا ہےجس سے انہیں دوہری اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن انتظامیہ غفلت کی نیند سو رہی ہے ۔
دوسری جانب شام میں پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ہوتا۔ حاملہ خواتین نے سول اسپتال کراچی کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر روبینہ بشیر سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں کرسیاں فراہم کی جائیں ، پینے کا صاف پینے دیا جائے اور مریضوں کی طرف توجہ دی جائے ۔