پنجاب میں مریضوں کے حقوق کے تحفظ اور ہسپتالوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ہیلتھ کیئر ریگولیٹری فریم ورک کو میڈیکل کے نصاب کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے اشتراک سے نصاب میں ضروری اصلاحات کرےگی ۔
اصلاحات کے تحت مریضوں کے حقوق کے تحفظ، کوالٹی ہیلتھ کیئر سے متعلقہ قواعد و ضوابط کو کمیونٹی میڈیسن کے مضمون میں شامل کیا جائیگا۔ مزید برآں میڈیکل کے علاوہ ڈینٹل، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ کے نصاب میں بھی اس ریگولیٹری فریم ورک کو شامل کیا جائیگا۔
اس حوالے سے سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز نے جمعرات کے روز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا دورہ کیا اور اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم، پرو وی سی پروفیسر معروف عزیز،پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل اور سی اواو پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر مشتاق سلہریا بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثاقب عزیز نے کہا کہ صحت کے نظام میں بنیادی اہمیت ڈاکٹر کی جگہ مریض کی ہونی چاہیے۔دیکھنے میں آیا کہ ڈاکٹروں کو ہیلتھ ریگولیٹری فریم ورک کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل کے ڈاکٹروں اور ہیلتھ پروفیشنلز کو ریگولیٹری فریم ورک کا علم ہو۔میڈیکل کے طلبہ کو پتا ہو کہ ہسپتالوں کے معیار کو بہتر بنانا صرف سربراہان کی نہیں بلکہ تمام سٹاف کی مشترکہ ذمہ داری ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریض کی حفاظت اور اسکے حقوق کا تحفظ ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔ہیلتھ کیئر کمیشن کے162ایسے اشاریے ہیں جن پر اداروں کی جانچ کرتے ہیں۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ نصاب میں ضروری اصلاحات کیلئے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے معاہدہ کریں گے۔عیاری ہیلتھ کیئر کو یقینی بنانے کیلئے تمام اداروں میں کوالٹی انہانسمنٹ سیلز کو فعال کریں گے۔ کالجوں کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹرز اور عملے کی تربیت کیلئے یو ایچ ایس 6ماہ کا کورس شروع کریگی۔ پروفیسر جاوید اکرم نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی نصاب اصلاحات کمیٹی اور دیگر باڈیز میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا نمائندہ شامل کیا جائے۔
پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل نے کہا کہ پیشنٹ سیفٹی کی ٹیچنگ کیلئے ایم بی بی ایس کے نئے سلیبس میں 25گھنٹے مخصوص کیے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کی تجاویز کو نصاب میں جگہ دیں گے۔
پرووائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر معروف عزیز خان نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کے سٹینڈرڈز بہت تفصیلی ہیں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنانا ہر ادارے کی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر مشتاق سلہریا کا کہنا تھا کہ طلبہ پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے بلکہ انھیں مستقبل کیلئے تیار کررہے ہیں۔
رجسٹرار ڈاکٹر اسد ظہیر نے تجویز پیش کی کہ اس حوالے سے نصاب میں اصلاحات کا آغاز یونیورسٹی کے آن کیمپس انڈر گریجویٹ پروگرامز سے کیا جاسکتاہے۔
اجلاس کے دیگر شرکاء میں ڈاکٹر خالد رحیم، پروفیسرسدرہ سلیم، ڈاکٹر شہنور اظہر اور پروفیسر اللہ رکھا شامل تھے۔