پیر, جولائی 7, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پروفیسر جاوید اکرم نے اپنا آبائی گھر عوام کے علاج کے لئے وقف کر دیا ؛ آپ کا کلینک قائم

پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے زیر اہتمام لاہور کے پہلے سپیشلسٹ کلینک کا آغاز کردیا گیا جہاں غریب مریضوں کو ایک ہی چھت تلے علاج معالجے کی تمام سہولیات جن میں چیک اپ، لیبارٹری ٹیسٹ اور ادویات شامل ہیں مفت فراہم کی جائیں گی۔

"آپ کا کلینک” کے نام سے یہ ادارہ جسٹس اکرم روڈ مزنگ میں قائم کیاگیا ہے جس کیلئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور بانی صدر پی ایس آئی ایم پروفیسر جاوید اکرم نے اپنا آبائی گھر وقف کیا ہے۔ اس کلینک کی خاص بات یہ ہے کہ شہر کے نامور کنسلٹنٹ اور پروفیسرز ہر ہفتے یہاں مفت خدمات فراہم کریں گے۔ ان میں ایسے پروفیسرز بھی شامل ہیں جن سے عمومی طور پر چیک اپ کروانے کیلئے ہفتوں بلکہ مہینوں پہلے بکنگ کرانی پڑتی ہے اور جن کی فیس کئی ہزار روپے ہے۔

آپ کا کلینک کی افتتاحی تقریب کا انعقاد 49 جسٹس اکرم روڈ مزنگ پر کیا گیا جس میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار، چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب، صدر پی ایس آئی ایم پروفیسر جاوید اکرم، گیٹس فارما کے سی ای او خالد محمود، سی ای او ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چودھری، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر ساجد عبیداللہ، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، پروفیسر آفتاب محسن، پروفیسر عزیز الرحمن، پروفیسر اسد اسلم، ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم سمیت سینیئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر جاوید اکرم نے اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس گھر سے میری ساری یادیں وابستہ ہیں۔ انھوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی یاد میں اپنے گھر کو اللہ کیلئے وقف کردیا ہے۔ کسی اچھے ڈاکٹر سے علاج کرانا ہو تو آجکل پچاس، ساٹھ ہزار کا خرچہ ہوجاتا ہے جو کسی غریب کیلئے ممکن نہیں۔ یہ سوچا کہ کیا کسی ریڑھی والے کو اچھے ڈاکٹر سے علاج کرانے کا حق نہیں۔

پروفیسر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ اس طرح کے کلینک پی ایس آئی ایم کے بینر تلے ملک بھر میں قائم کیے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ کلینک کا تمام سٹاف اور میڈیکل آفیسرز تنخواہ دار ہوں گے تاہم تمام کنسلٹنٹ اور پروفیسرز مفت کام کریں گے۔انھوں نے کہا کہ یہ کلینک پاکستان میں بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ یہاں شوگر کے مریضوں کو انسولین بھی مفت فراہم کریں گے اور گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کا ڈائلیسس بھی فری ہوگا۔

پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ لوگ حیران ہیں کہ ہم یہ کلینک کیسے چلائیں گے۔ لیکن یہ اللہ کا معجزہ ہے۔ مجھے لوگ اپنے گھروں کی چابیاں دے گئے کہ یہاں بھی ایسا کلینک بنائیں۔ لوگوں کی مدد کا جیسا جذبہ پاکستان میں دیکھا کہیں اور نہیں دیکھا۔

پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ آپ کا کلینک انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم کی اس کاوش کو سلام پیش کرتا ہوں۔

پروفیسر مسعود صادق نے کہا کہ بچوں کے امراض کے علاج کیلئے چلڈرن ہسپتال کے کنسلٹنٹس کی خدمات مہیا کی جائیں گی۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ پروفیسر جاوید اکرم کا کمال ہے کہ انھوں نے طب کے تمام درخشاں ستارے جمع کرلیے۔ امید ہے کہ یہ کلینک مستقبل میں میڈیکل کالج اور نرسنگ سکول بھی بنائے گا۔ بعد ازاں مہمانوں کو کلینک کا دورہ کروایا گیا۔