سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے ناقص کارکردگی کے حامل سی ای اوز کوکارکردگی بہتر کرنے کا آخری موقع دے دیاہے ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز منعقدہ سی ای اوز کانفرنس کے موقع پر کہی ۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری صالحہ سعید، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر اور تمام سی ای اوز نے شرکت کی۔
سی ای اوز کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا،کانفرنس میں سیکرٹری صحت عمران سکندربلوچ نے تمام سی ای اوزکی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت عمران سکندر بلوچ نے اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں ورٹیکل پروگرامز، کورونا اور ڈینگی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹی بی، ہیپاٹائیٹس سمیت تمام پروگرامز کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔صوبہ بھر میں ادویات اور طبی آلات سمیت تمام تر سہولیات وافر مقدار میں موجود ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولت بنیادی اور دیہی مراکز صحت پر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہےگزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں بچوں کی سکریننگ میں اضافہ ہوا ہے۔
سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندربلوچ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب ویکسی نیشن مہم اور مؤثر پالیسیز کے ذریعے کورونا کی صورتحال قابو میں ہے۔پنجاب میں 83 فیصد آبادی مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہے۔30 مارچ تک پنجاب کے بیشتر اضلاع ویکسی نیشن ہدف مکمل کر چکے ہیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ اس کامیابی میں بہت بڑا حصہ سی ای اوز کی انتھک کاوشوں کا بھی ہے۔بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنا محکمے کی اولین ترجیح ہے۔ تمام مراکز صحت پر عملے کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جا رہا ہے۔ صحت سہولت پروگرام تمام طبقوں تک صحت کی مساوی سہولیات پہنچانے کے لئے بہت مفید منصوبہ ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر صالحہ سعید نے کہا کہ ریڈ ویکسی نیشن مہم کو کامیاب بنانے میں سی ای اوز کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔موسم کی بدلتی صورتحال کے ساتھ ڈینگی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔آن لائن سرویلنس کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔