وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرافضل پیچوہو نے کہا ہے کہ ملک میں پولیو وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آناایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ یہ بات انہوں نے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں کرس الیاس اور ڈبلیو ایچ او اور روٹری کے دیگر داروں کے حکام نے بھی شرکت کی ہے۔
وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران نے جاری پولیو مہم کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس 7 روزہ پولیو مہم میں 94 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں اور ہائی رسک یوسیز پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پولیو نگران بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرس الیاس نے پولیو کے خاتمے کی مہم میں کامیابی حاصل کرنے پر حکومت سندھ کی تعریف کی۔
صوبائی وزیر صحت نے اجلاس کو پولیو کے خاتمے کی مہم کے سلسلے میں جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد یہ توقع کی جارہی ہے کہ تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد پاکستان آسکتی ہے جو پولیو کے خلاف جنگ کے سلسلے میں پاکستان کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا۔
چیف سکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے عالمی شراکت داروں سے جن میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ، روٹری انٹرنیشنل اور بل اور میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے ملک کو تکنیکی اور مالی مدد فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔