بدھ, مئی 13, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

مبینہ جھوٹے، بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات کا معاملہ، محکمہ صحت کے اسٹور کیپر کا یوٹیوبر پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ہرجانے کا دعوی

کراچی : محکمہ صحت سے وابستہ اسٹور کیپر انورالحق نے یوٹیوبر سراج الدین امجدی کے خلاف مبینہ جھوٹے، بے بنیاد اور گمراہ کن الزامات عائد کرنے پر ایک کروڑ دس لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔ دعوے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ یوٹیوب وی لاگز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نشر کیے گئے مبینہ جھوٹے اور غیر مصدقہ دعوؤں سے ان کی اور ان کے اہلخانہ کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا اور انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق کیس کی پہلی سماعت مقامی عدالت میں ہوئی جہاں فریقین عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عدالتی کارروائی جاری رہی۔ درخواست گزار کے مطابق آئندہ سماعت پر سراج الدین امجدی پر جرح کیے جانے کا امکان ہے۔ اس موقع پر مؤقف اختیار کیا گیا کہ بغیر ثبوت اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانا نہ صرف ہتکِ عزت کے زمرے میں آتا ہے بلکہ پیکا ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔

قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر عدالت میں الزامات ثابت ہو گئے تو متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جبکہ آئندہ سماعت کو اس مقدمے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔