پیر, مارچ 23, 2026

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

سیکرٹری صحت نادیہ ثاقب کے شیخوپورہ کے اہم دورے — کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز تربیتی ورکشاپ اور مریم نواز ہیلتھ سینٹر فاروق آباد میں سہولیات کا جامع جائزہ

شیخوپورہ: سیکرٹری صحت و بہبود آبادی پنجاب نادیہ ثاقب نے ضلع شیخوپورہ میں وزیراعلٰی پنجاب کے سی ایم فلیگ شپ پروگرام کے تحت جاری کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کی تربیتی ورکشاپ اور مریم نواز ہیلتھ سینٹر فاروق آباد کے اہم و تفصیلی دورے کیے، جن کا مقصد صحت کے بنیادی نظام کو مزید مضبوط بنانا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔

سیکرٹری نادیہ ثاقب نے تربیتی ورکشاپ میں شریک کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز سے ملاقات کی، ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں پروگرام کے اہداف، طریقہ کار اور ذمہ داریوں سے مکمل طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز صوبے میں جدید ہیلتھ پروجیکٹس کی آگاہی، بیماریوں کی بروقت شناخت، مؤثر رپورٹنگ، ویکسینیشن، علاج اور دیگر صحت خدمات کی فراہمی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھیں گی۔

سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق یہ پروگرام صوبے کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ہر شہری تک معیاری طبی سہولیات ان کے گھر کے قریب پہنچانے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے تربیت یافتہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو اعلیٰ معیار اور مکمل لگن کے ساتھ انجام دیں تاکہ عوام بہترین صحت سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

سیکرٹری صحت و بہبود آبادی نے اپنے دورے کے دوسرے حصے میں مریم نواز ہیلتھ سینٹر فاروق آباد کے انتظامات، ایمرجنسی سہولیات، فارمیسی اور صفائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات کے مطابق تمام شہریوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، اور اس عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، سینٹر میں صاف ستھرا ماحول، مؤثر انتظامی امور اور مریضوں کی بروقت نگہداشت کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔

سیکرٹری نادیہ ثاقب نے کہا کہ محکمہ صحت عوام کو معیاری، قابلِ اعتماد اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل سرگرم ہے، اور ہر شہری تک بہترین صحت خدمات پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔