کوئٹہ : ایڈز کنٹرول پروگرام بلوچستان کے مینیجر ڈاکٹر میر خالد الرحمن قمبرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں لاعلمی اور طبی معائنے کی کمی کے باعث ایڈز کے مریضوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ ایڈز کے عالمی دن پر عوام میں اس بیماری کی آگہی کے لئے واک کا انعقاد کیا گیا۔
واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے منیجر ایڈز کنٹرول پروگرام ڈاکٹر میرخالد الرحمن قمبرانی نے کہا ک ایڈز کی بیماری ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔ تشویشناک بات ہے کہ عالمی سطح پر ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے اور یہاں پاکستان میں صورتحال مختلف ہے۔
واک اور آگاہی پروگرام کا انعقاد سوشو پاک ، کوئٹہ فاونڈیشن اور بلوچستان ایڈز کنٹرول پروگرام کے تعاون سے کیا گیا تھا۔
منیجر ایڈز کنٹرول پروگرام بلوچستان کا مذید کہنا تھا کہ بیماری کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ آگاہی کا فقدان اور طبی معائنہ نہ کرانا ہے۔ یہ غلط فہمی ہے کہ صرف جنسی تعلقات ہی اس بیماری کی بڑی وجہ ہیں۔ متاثرہ خون کی منتقلی اور استعمال شدہ سرنجوں کا استعمال بھی بیماری کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔