پشاور :کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کی زیر صدارت ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع پشاور،نوشہرہ،چارسدہ،قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے انتظامی افسران کی شرکت کی۔
پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ڈینگی کی روک تھام کے لئے ازخود تمام تر اقدامات کی نگرانی کرنے کی ہدایات دی گئیں اور اس سلسلے میں ان سے یومیہ رپورٹ طلب کر لی گئی، تمام پانچوں اضلاع میں ڈینگی کے تدارک کے لئے فوگ اسپرے شروع کرنے اور اسپرے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو متعلقہ ٹیموں کو ادویات کی فراہمی کے لئے بھی احکامات جاری کئے گئے۔
پشاور میں ڈینگی کے حوالے سے حساس قرار دے گئے علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے اور فوگ اسپرے کے ساتھ ساتھ صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کئے گئے۔ واضح رہے کہ ڈینگی کے تدارک کے لئے پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع میں سال بھر عوامی آگاہی کی خصوصی مہم چلائی گئی جس کے دورس نتائج برآمد ہوئے جس پر اجلاس میں اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے کہا کہ سال بھر کی محنت کے بدولت امسال اپریل اور مئی خیریت سے گزر گئے اب ستمبر اور اکتوبر کے لئے پلاننگ کی جائے گی تاکہ ڈینگی صورتحال قابو میں رہے۔