جمعہ, جون 20, 2025

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

پاکستان سوسائٹی آف گیسٹر و انٹرالوجی کے تحت عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب

لاہور :  پاکستان کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب شفیع نے کہا ہے کہ نوجوان ڈاکٹر زتحقیق و جدید ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کریں اور اپنے سینئر اساتذہ سے پیشہ وارانہ تربیت اور میڈیکل ہنر سیکھنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں جبکہ ینگ ڈاکٹرز پروفیشنل سرگرمیوں اور ورکشاپ میں بھرپور طریقہ سے حصہ لیا کریں تاکہ وہ عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوانے کے قابل ہو سکیں۔

ان خیالا ت کا اظہارانہوں نے پاکستان سوسائٹی آف گیسٹر و انٹرالوجی 2023کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر محمود ایاز،پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب، چیف آرگنائزر پروفیسر اسرار الحق طور اور ڈاکٹر شمائل ظفر سمیت دنیا بھر کے گیسٹر و انٹرالوجی کے طبی ماہرین کے علاوہ میڈیکل سے وابستہ سینئر اساتذہ اور نوجوان ڈاکٹرز بڑی تعداد میں موجود تھے۔پروفیسر شعیب شفیع نے کانفرنس میں شریک غیر ملکی ڈاکٹرز کو خوش آمدید کہا اور کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب اور پروفیسر اسرار الحق کی ٹیم کو سراہا۔

کانفرنس کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب نے خطاب کرتے ہوئے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انٹر نیشنل کانفرنس کا دوہرہ فائدہ ہوتا ہے کیونکہ ایک طرف ڈاکٹرز کو اپنا نالج اپ ڈیٹ کرنے میں مدد ملتی ہے جبکہ دوسری طرف زیر علاج مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات بھی میسر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات حقیقی معنوں میں طبی ماہرین اور مریضوں دونوں کے لئے سود مند ہوتے ہیں اس لیے ایسی نشستوں کا انعقاد ہوتے رہنا چاہیے۔

انٹرنیشنل کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر اسرار الحق طور کا کہنا تھا کہ جمعۃ المبارک (آج)تھائی لینڈ، امریکہ، برطانیہ،سعودیہ عرب، کینیڈا اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے طبی ماہرین نے پاکستانی معالجین کے ہمراہ جگر،معدہ، آنت کی بیماریوں کی تشخیص، جدید طریقہ علاج اور تحقیق بارے اپنے تجربات شئیر کیے جس کے عالمی سطح پر دوررس نتائج حاصل ہوں گے اور عالمی دنیا میں ہونے والی ریسرچ سے مقامی ڈاکٹرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا جو مریضوں کے لئے ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔

پروفیسر اسرار الحق طور کا کہنا تھا کہ26فروری بروز اتوار تک جاری رہنے والی اس انٹر نیشنل کانفرنس میں مختلف سائینٹفیک اورڈاکٹر ز کیلئے سوال و جواب کے سیشنز کااہتمام بھی کیا گیا ہے تاکہ اُن کو مزید سہولت میسر آ سکیں۔ بعد ازاں مہمان خصوصی پروفیسر شعیب شفیع نے دیگرمہمانوں کے ہمراہ میڈیکل کمپنیوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ان میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔