انتظامی صحت کے بین الاقوامی ادارے ہیلتھ ایکس نے پاکستان میں خدمات کی فراہمی کا آغاز کردیا۔ بین الاقوامی ادارے ٹروڈوک کی زیرِ سرپرستی ہیلتھ ایکس مشرقِ وسطٰی، افریقہ اور یورپ میں دس سے زائد ممالک کے تقریباً ڈھائی کروڑ افراد کو صحت کی خدمات فراہم کرنے والے ایک عالمی گروپ سے منسلک ہے۔ اس نظام کے تحت صارفین کو چوبیس گھنٹے ان کے گھر، دفتر، ہسپتال اور دورانِ سفر صحت کی ابتدائی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
ایک مرکزی ڈیٹابیس میں محفوظ مریض کے تمام تر طبی ریکارڈ تک دنیا بھر میں کہیں سے بھی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس نظام کا بنیادی مقصد مریضوں کو صحت مند رکھنا اور کسی طبی صورتحال پر ردِ عمل کی بجائے سال بھر عالمی سطح پر تصدیق شدہ قابل بھروسہ ادویات کے استعمال سے مریضوں اور ادائیگی کرنے والوں دونوں کے اخراجات کو بچانے میں مدد کی فراہمی ہے۔
ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خاقان سکندر نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا با صلاحیت، کل وقتی، لائسنس یافتہ اور تجربہ کار ڈاکٹروں، ماہرِ نفسیات، ماہرینِ خوراک، فٹنس اور دیگر طبی ماہرین پر مشتمل عملہ، مریض کی انفرادی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر جدید ترین طبی تکنیک کا نظام پیش کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت مند، شدید یا دائمی طور پر بیمار افراد کے علاج اور دیکھ بھال کا یہ نظام چوبیس گھنٹے دستیاب ایک منفرد طریقہ کار کا حامل ہے۔ ہم ترقی پذیر ممالک میں صحت کی چوبیس گھنٹے دیکھ بھال کا بہترین نظام پیش کر رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات، نائیجیریا، کینیا، جنوبی افریقہ، سعودی عرب، اردن اور دیگر بہت سے ممالک میں وسیع خدمات پیش کرنے کے باعث ہمارے پاس بڑے پیمانے پر معیاری خدمات فراہم کرنے کا تجربہ اور ساکھ ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاقان سکندر نے مزید کہاکہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے۔اس ملک کودرپیش مشکل معاشی حالات کے دوران اپنی خدمات کا آغاز کرنے کاہمارا فیصلہ اس ملک پر ہمارے یقین اور یہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں اصلاحات کے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔ دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے روز مرہ اخراجات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہمارا نظامصحت کی دیکھ بھال کے نجی اور اجتماعی اخراجات میں کمی لانے، صحت کے مراکز پر بڑھتے ہوئے رش کو ختم کرنے اور مریضوں، آجروں اور حکومت کے قیمتی وسائل کو بچانے کے لیے مددگار ہے۔
مزید برآں ہمارے نظام میں مریض کی طبی معلومات تک باآسانی رسائی کی سہولت نہ صرف بیماریوں سے بچاؤ میں مدد گار ہوگی بلکہ آئندہ وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے ہمیں بہتر طور پر تیار رکھنے میں بھی مدد فراہم کرے گی۔ ہمارے پاس افراد، کارپوریٹ اداروں اور دیگر حکومتو ں کیلئے آزمائے گئے یا خاص طور پر ان کیلئے بنائے گئے سلوشنز موجود ہیں۔ ہمارا مقصد پاکستان کے ہیلتھ کیئر ڈیلیوری کے نظام کو از سرِ نو جدید تقاضوں پر استوار کرنا ہے اور دنیا کے کئی ممالک میں کامیابی کے بعد ہمیں یقین ہے کہ ہم پاکستان میں بھی ایسا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
رؤف خلیل، بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ٹرو ڈوک نے اس موقع پر کہا کہ تاریخ زندگیاں بچانے والوں اور ذریعہ آمدن بچانے والوں کو عزت سے یاد رکھے گی۔ ہم ٹرو ڈوک کو اس فلسفے سے ہم آہنگ کر نے کیلئے کو شاں ہیں۔ ہمیں جو موقع ملا ہے اس کے تحت ٹرودوک کی تو جہ اس بات پر مر کوز ہے کہ آبادی کا وہ 20 فیصد حصہ جو 82 فیصد تک طبی اخراجات کا خر چ برداشت کر رہاہے ان کی زندگی بہتر بنے۔
ہیلتھ ایکس کے تکنیکی نظام کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے تقریب کے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہیلتھ ایکس کے صارفین چوبیس گھنٹے، کسی بھی مقام سے طبی مشورے کے لیے اپنے طبیب سے رابطہ کر سکیں گے اور طبیب کو مریض کے مکمل طبی پس منظر تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس طر ح قابل بھروسہ ادویات کی فوری تجویز اور تشخیص غیر ضروری اخراجات کو بچانے میں مدد کرے گی۔ سنجیدہ نوعیت کے دائمی مریض کل آبادی کا بیس فیصد ہیں جو 80 فیصد تک طبی اخراجات کو خرچ کرنے کا سبب ہیں۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ ہمارے نظام میں ایسے مریض کی صورتحال کا مسلسل جائزہ اور کسی تشویشناک صورتحال کی پیش بینی بہتر مربوط اور زیادہ موثر دیکھ بھال کو یقینی بناتی ہے۔ ہمارے ماہرین موبائل اور انٹرنیٹ کے ذریعے مریضوں سے رابطے میں رہتے ہیں جس سے صحت کے مراکز میں بھیڑ کم ہوتی ہے، علاج پر کم لاگت اور صارفین کو بیماریوں سے تحفظ کے لیے صحت کی دیکھ بھال کے مواد تک رسائی فراہم ہوتی ہے۔ یہ طریقہ کار یقینی طور پر طویل مدت میں صحت مند آبادی کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگا۔