جمعرات, دسمبر 12, 2024

متعلقہ خبریں

یہ بھی دیکھیں

ڈاکٹر یاسمین راشد کا پیناڈول ذخیرہ کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کا حکم

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے صوبہ بھرمیں پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی کرنے اورمہنگے داموں بیچنے والے مافیاکے خلاف سخت قانونی کارروائی کاحکم دے دیاہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ احکامات محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں صوبہ بھرکی ڈینگی کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔

اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نوید،سی ای اوپنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیز،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن زاہدہ اظہر،ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرحافظ شاہدلطیف،ڈاکٹراسداسلم خان،چیئرمین ڈی ایگ ڈاکٹرتنویرالاسلام،میاں زاہدالرحمن ودیگرافسران نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نوید اور ڈاکٹراسداسلم خان نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکو بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں ڈینگی میں اضافہ کے دوران پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں خریدوفروخت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔صوبائی وزیر صحت نے ڈی جی پنجاب ڈرگزکنٹرول ڈاکٹرسہیل کو فوری پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں خریدوفروخت کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں ڈینگی کی صورتحال کو مسلسل مانیٹرکررہے ہیں۔پنجاب کے تمام سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترسہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے بستروں کی تعدادکوبڑھانے کیلئے ریمپ اپ پلان تیارکرلیاگیاہے۔شہری ڈینگی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کی ہیلپ لائن نمبر 0304-1111781 پرکال کرسکتے ہیں۔پنجاب میں ڈینگی کے کیسزمیں تیزی سے اضافہ تشویش ناک ہے۔تمام کمشنرزاور ڈی سی حضرات کو اپنے علاقہ جات میں ڈینگی کی سرویلنس کوبڑھاناہوگا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مزیدکہاکہ ڈینگی کے لارواکی تلفی کویقینی بناناہوگا۔پنجاب میں ڈینگی کی شرح میں کمی لانے کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو محنت کرنی ہوگی۔صوبائی وزیر صحت نے سی ای او پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیزکو ڈینگی کے ٹیسٹوں کے نرخوں کے متعلق مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔انہوں نے چیئرمین ڈی ایگ ڈاکٹرتنویرالاسلام کو ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ سے متعلق پروٹوکولزکوریوائزکرنے کی بھی ہدایت کی۔

Avatar