کراچی : اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ نے مالی سال 2025-26 کے اختتامی مراحل کے حوالے سے سندھ بھر کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفسز، اکاؤنٹس افسران اور ٹریژری آفس کراچی کو اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مالی سال 2025-26 کے بلز جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جون 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ اسائنمنٹ اکاؤنٹس کی توثیق کی آخری تاریخ 23 جون 2026 ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 4 جون 2026 تک زیر التوا رہنے والے بلز 10 جون تک جبکہ 5 سے 10 جون کے درمیان زیر التوا رہنے والے بلز 15 جون 2026 تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ تاہم یوٹیلٹی بلز، تنخواہوں، پنشن، میڈیکل، مالی امداد، جی پی فنڈ اور ٹی اے/ڈی اے جیسے ذاتی نوعیت کے کلیمز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کی جانب سے تمام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افسران اور ٹریژری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ جون 2026 کے سول اکاؤنٹس 6 جولائی 2026 تک بند کیے جائیں جبکہ محکمہ خوراک سندھ کو جون کے اکاؤنٹس 15 جولائی 2026 تک مکمل کرکے جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مزید برآں محکمہ خزانہ سندھ 15 جولائی 2026 تک ایف آر اوز فراہم کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

